رائزنگ تلنگانہ کی طرف تیزی سے پیشقدمی : مہیش کمار گوڑ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و رکن قانون ساز کونسل بی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ گورنر کا خطبہ حکومت کی 15 ماہی کارکردگی کا آئینہ ہے ۔ کانگریس حکومت عوام کے توقعات کو پورا کرتے ہوئے ایک طرف ریاست کی ترقی دوسری طرف عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں گورنر کے خطبہ اظہار تشکر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے مہیش کمار گور نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں جو نقصانات ہوئے اس کو درست کرتے ہوئے رائزنگ تلنگانہ کی طرف تیزی سے پیشقدمی کی جارہی ہے ۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں 50 ہزار ملازمتیں بھی فراہم نہیں کی گئی ۔ جب کہ کانگریس کے 9ماہی دور حکومت میں 56 ہزار ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ جو ایک تاریخی کارنامہ جس کی ملک بھر میں کہیں نظیر نہیں ملتی ۔ پنجاب کے چیف منسٹر نے تین سال میں 50 ہزار ملازمتیں فراہم کرتے ہوئے اس کی اخبارات میں اشتہارات دیتے ہوئے بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہے ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں کرن کمار ریڈی کے زیر قیادت کانگریس حکومت نے گروپ I کی 300 جائیدادوں پر تقررات کیے تھے ۔ اس کے 10 سال بعد ریونت ریڈی کے دور حکومت میں گروپ I کی 600 سے زائد جائیدادوں پر تقررات کیے جارہے ہیں ۔ کانگریس حکومت نے ریاست کے 25 لاکھ کسانوں کے 21 ہزار کروڑ روپئے تک قرض معاف کیا ہے ۔ خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ۔ پرائمری ہیلت سنٹرس سے نمس ہاسپٹل تک تمام سرکاری ہاسپٹلس کو جدید سہولتوں سے لیس کرتے ہوئے عوام کو معیاری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ ریاست میں اسکیل اور اسپورٹس یونیورسٹیز قائم کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاست کو بڑے پیمانے کی سرمایہ کاری حاصل ہورہی ہے ۔ ڈاؤس کانفرنس میں پہلے 40 ہزار کروڑ دوسری کانفرنس میں 1.75 لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے تعلق سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے ہیں ۔۔ 2