اسمبلی اجلاس کے ایجنڈہ کو قطعیت، 19 مارچ کو بجٹ کی پیشکشی، 22 مارچ سے مطالبات زر پر مباحث
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کل 15 مارچ کو اسمبلی میں گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر مباحث کا جواب دیں گے۔ بزنس اڈوائزری کمیٹی میں 27 مارچ تک اسمبلی کے ایجنڈہ کو قطعیت دی گئی۔ ایجنڈہ کے مطابق 15 مارچ کو ضروری سرکاری بلز پیش کئے جائیں گے۔ 16 مارچ کو تعطیل رہے گی جبکہ 17 اور 18 مارچ کو سرکاری بلز پیش کرکے مباحث و منظوری حاصل کی جائے گی۔ توقع ہے کہ 17 مارچ کو ایس سی زمرہ بندی سے متعلق بل پیش کیا جائے گا جبکہ 18 مارچ کو پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا بل متعارف کیا جائیگا۔ 19 مارچ کو 2025-26 کا بجٹ ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر فینانس بھٹی وکرامارکا پیش کریں گے۔ 20 مارچ کو ایوان کو تعطیل رہے گی۔ 21 مارچ کو بجٹ پر مباحث ہوں گے اور ڈپٹی چیف منسٹر مباحث کا جواب دیں گے۔ 22 مارچ کو محکمہ جات کے مطالبات زر پر مباحث کا آغاز ہوگا۔ پہلے دن محکمہ جات زراعت، امداد باہمی، انیمل ہسبینڈری، آبپاشی، سیول سپلائز، میڈیکل اینڈ ہیلت، ٹرانسپورٹ و لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ کے مطالبات زر پر مباحث ہوں گے۔ 23 مارچ کو تعطیل رہے گی۔ 24 مارچ کو مطالبات زر کے تحت محکمہ جات بلدی نظم و نسق، انڈسٹریز اینڈ کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سماجی بھلائی، قبائیلی بہبود، اقلیتی بہبود، پنچایت راج، رورل ڈیولپمنٹ، ویمن اینڈ چائیلڈ ویلفیر اور بہبودی پسماندہ طبقات کے مطالبات زر پر مباحث ہوں گے۔ 25 مارچ کو محکمہ جات عمارات و شوارع، اسکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن، ٹکنیکل ایجوکیشن، کمرشیل ٹیکسیس، اکسائز اڈمنسٹریشن، ٹورازم، فاریسٹ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، انڈومنٹ اور اسپورٹس کے مطالبات زر پر مباحث اور وزراء جواب دینگے ۔ 26 مارچ کو محکمہ جات پلاننگ، برقی، گورنر و کونسل آف منسٹرس، جی اے ڈی، اڈمنسٹریشن آف جسٹس، اسٹیٹ لیجسلیچر، ہوم، ریونیو، ہاؤزنگ اور انفارمیشن کے مطالبات زر پر مباحث ہوں گے۔ 27 مارچ کو تصرف بِل 2025 ء پیش کیا جائیگا اور مباحث و حکومت کا جواب رہے گا۔ تصرف بِل کی منظوری کے بعد بجٹ سیشن غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا جائیگا۔ اِسی دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ارکان اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ ایوان کی کارروائی میں سنجیدگی کے ساتھ شریک ہوں ۔ 1