گورنمنٹ اسکول ہیڈ مسٹریس کا ترنگا لہرانے سے انکار

   

چینائی : ٹاملناڈو میں ایک گورنمنٹ اسکول ہیڈمسٹریس کے یوم آزادی پر قومی پرچم لہرانے اور اسے سلام کرنے سے مبینہ انکار پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ضلع بھرماپوری کا ہے جہاں اسکول ہیڈمسٹریس ٹامل سیلوی نے دو روز قبل ترنگا لہرانے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ کرسچن ہے اور ان کا مذہبی عقیدہ انہیں ترنگا لہرانے اور قومی پرچم کو سلام کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ اپنے اقدام کے دفاع میں ویڈیو ریکارڈ کراتے ہوئے ہیڈمسٹریس نے کہا کہ وہ یاووہا کرسچن ہے اور اس کا مذہبی عقیدہ صرف خدا کو سلام پیش کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ تاہم سیلوی نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے پرچم کی بے حرمتی نہیں کہ اور اسسٹنٹ ہیڈمسٹرس کو کہا کہ پرچم لہرائیں ۔ اسکول میں زیرتعلیم بچوں کے والدین نے ہیڈ مسٹریس کے خلاف ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے پاس شکایت درج کرائی ہے۔