گورنمنٹ جونیرکالجس میں 1239 لکچررس کے تقررات

   

تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے منتخب امیدواروں کی انٹر ایجوکیشن کو فہرست حوالے
حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) ریاست کے سرکاری جونیر کالجس میں 1239 مستقل لکچررس ڈیوٹی سے رجوع ہوں گے۔ اس سلسلہ میں منتخب جونیر لکچررس کی فہرست تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے انٹر محکمہ تعلیم کو سونپ دی ہے۔ دراصل 1392 لکچررس تقررات کیلئے ٹی جی پی ایس سی نے ڈسمبر 2022ء میں نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ مختلف وجوہات کے باعث تقررات کے عمل میں تاخیر ہوئی ہے۔ انٹر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ذرائع نے واضح کیا ہیکہ انگریزی مضمون کے خلاف دائر کردہ مقدمہ کے پس منظر میں 143 جائیدادیں زیرالتواء ہیں۔ ماباقی جائیدادوں کیلئے منتخب ہونے والے امیدواروں کے سرٹیفکیٹس کی آئندہ 10 تا 15 دن میں جانچ ہونے کے قوی امکانات پائے جاتے ہیں۔ تقرری کے احکامات چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی جانب سے منتخب امیدواروں میں حوالے کرنے کے بعد انہیں فوری پوسٹنگ دی جائے گی۔ ممکن ہے نئے لکچررس فبروری سے قبل ڈیوٹی سے رجوع ہوجائیں گے۔ ریاست میں 424 سرکاری جونیر کالجس ہیں جن میں منظورہ تدریسی جائیدادیں 6008 ہیں۔ فی الحال 900 ریگولر لکچررس اور پرنسپلس ہیں۔ مزید 3500 کنٹراکٹ لکچررس کی خدمات کو باقاعدہ بنایا گیا ہے۔ اس طرح ریاست کے سرکاری جونیر کالجس میں 4400 لکچررس خدمات انجام دے رہے ہیں اگر 1239 نئے لکچررس کی خدمات دستیاب ہوتی ہے تو ان کی تعداد بڑھ کر 5639 تک پہنچ جائے گی۔ صرف 369 جائیدادیں مخلوعہ رہیں گی۔ زیرالتواء انگریزی جائیدادیں (153) پر بھی تقررات ہوتے ہیں تو مخلوعہ جائیدادوں کی مزید تعداد گھٹ کر 216 تک پہنچ جائے گی۔ تقریباً 94 فیصد مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات سے غریب طلبہ کو سرکاری جونیر کالجس میں معیاری تعلیم حاصل ہوگی۔2