میدک کو تعلیمی میدان میں آگے لے جانے ڈاکٹر روہت راؤ کا عزم
میدک۔ 15ستمبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میدک اسمبلی حلقہ کی جامع ترقی کے لئے رکن اسمبلی ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ کی جانب سے مسلسل اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وہ طبی و صحت کے شعبہ کے ساتھ ساتھ تعلیمی شعبہ کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ایک طرف میدک میں طبی خدمات کو مزید مستحکم کرنے اور بہتر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے مختلف ترقیاتی اقدامات جاری ہیں تو دوسری جانب تعلیمی اداروں میں سہولتوں کی بہتری کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔اسی سلسلہ میں میدک کے اہم تعلیمی ادارے تلنگانہ گورنمنٹ پبلک ہائی اسکول بوائز کے لئے 10 کروڑ روپئے کے فنڈس منظور کئے گئے ہیں۔ ان فنڈس کے ذریعہ اسکول میں بنیادی سہولتوں اور انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کے علاوہ طلبہ کے لئے ضروری سہولتوں کی فراہمی میں وسعت پیدا ہونے کی توقع ہے۔ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی بہتری سے طلبہ کو سازگار تعلیمی ماحول فراہم ہوگا اور ان کی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں مدد ملے گی۔ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ کا مقصد میدک اسمبلی حلقہ کو تعلیمی میدان میں بھی نمایاں مقام دلانا ہے۔ ان کی کوشش ہے کہ حلقہ کے ہر طالب علم کو معیاری تعلیم اور بہتر تعلیمی سہولتیں حاصل ہوں اور معاشی مشکلات کے باعث کوئی بھی طالب علم تعلیم سے محروم نہ رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تعلیم ہی معاشرہ کی ترقی کی مضبوط بنیاد ہے اور بہتر اسکولی سہولتوں، سازگار تعلیمی ماحول اور ضروری بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی کے ذریعہ طلبہ کے مستقبل کو روشن بنایا جاسکتا ہے۔میدک کی جامع ترقی کے لئے صحت، تعلیم اور بنیادی سہولتوں کے شعبوں کو یکساں اہمیت دیتے ہوئے طویل مدتی ترقیاتی منصوبوں پر عمل کیا جارہا ہے۔ عوام کو بہتر طبی خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہر فرد کو تعلیم کے ذریعہ ترقی کے مواقع فراہم کرنا ترقیاتی پالیسی کا اہم حصہ قرار دیا جارہا ہے۔ تلنگانہ گورنمنٹ پبلک ہائی اسکول بوائز کے لئے 10 کروڑ روپئے کی منظوری کو میدک کے تعلیمی شعبہ میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔