گھریلو پکوان گیاس سلنڈر پر 200 روپئے سبسیڈی

,

   

پردھان منتری اجوالا اسکیم کے 75 لاکھ اضافی کنکشن کی منظوری، سرکاری خزانے پر 7680 کروڑ کا سالانہ بوجھ
الیکشن سے قبل عام آدمی کی یاد آگئی

حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز) پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات قریب آتے ہی مرکز کی بی جے پی حکومت کو عام آدمی کی یاد ستانے لگی ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے غریب اور متوسط طبقات پریشان ہیں اور پٹرول اور ڈیزل اور پکوان گیاس کی اضافی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو متاثر کردیا ہے۔ انتخابات میں عوامی تائید حاصل کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے پکوان گیاس سیلنڈر کی قیمت میں 200 روپئے کمی کا اعلان کرتے ہوئے اسے رکشا بندھن اور اونم تہواروں کا تحفہ قرار دیا ہے۔ مرکزی کابینہ نے گھریلو پکوان گیاس سیلنڈر کی قیمت میں 200 روپئے کی کمی کا فیصلہ کیا جس سے 33 کروڑ صارفین کو فائدہ ہوگا۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ میں بتایا کہ ایل پی جی سیلنڈرس جو اجولا اسکیم کے تحت سربراہ کئے جاتے ہیں، اس کے صارفین کے لیے سبسیڈی میں فی سیلنڈر 400 روپئے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ تمام گھریلو ایل پی جی سیلنڈرس کے صارفین کو فی سیلنڈر 200 روپئے کی سبسیڈی حاصل ہوگی جبکہ پردھان منتری اجوالا اسکیم کے صارفین کے لیے یہ اضافی سبسیڈی رہے گی۔ سبسیڈی پر عمل آوری کا آج سے آغاز ہوچکا ہے۔ مرکزی حکومت نے پردھان منتری اجوالا اسکیم کے تحت مزید 75 لاکھ گیاس کنکشن کو منظوری دی ہے۔ اسکیم کے استفادہ کنندگان کی تعداد بڑھ کر 10.35 کروڑ ہوجائے گی۔ سبسیڈی کے نتیجہ میں حکومت پر مالیاتی سال 2023-24ء میں 7680 کروڑ کا اضافی بوجھ عائد ہوگا۔ انوراگ ٹھاکر نے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر گیاس سلنڈر کی قیمتوں میں کمی کے الزام کو مستر دکردیا اور کہا کہ اگر ہمیں الیکشن کی فکر ہوتی تو بہت پہلے ہی یہ فیصلہ کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قیمتوں کے مطابق سبسیڈی کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے تیل کی قیمتیں اپریل 2022ء سے 303 فیصد بڑھ چکی ہیں، باوجود اس کے حکومت نے صارفین کو راحت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے صرف 63 فیصد کا اضافہ کیا اور باقی بوجھ برداشت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبسیڈی کے فیصلے کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ حکومت نے 33 کروڑ استفادہ کنندگان کو راحت پہنچانے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی کابینہ نے اجوالا اسکیم کے تحت 75 لاکھ نئے کنکشن کی منظوری دی ہے۔ ملک میں گھریلو ایل پی جی گیاس سیلنڈر کی قیمت نئی دہلی میں 14.2 کیلوگرام کے لیے 1103 روپئے ہے۔ یکم مارچ کو سیلنڈر کی قیمتوں میں تبدیلی کرتے ہوئے فی سیلنڈر 50 روپئے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ مرکزی بجٹ میں حکومت کی آئیل مارکٹنگ کمپنیوں کے لیے 30 ہزار کروڑ کی مدد فراہم کی گئی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے یکم مئی 2016ء کو پردھان منتری اجوالا یوجنا اسکیم کا آغاز کیا تھا تاکہ سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کو 50 ملین ایل پی جی کنکشن فراہم کئے جائیں۔ مرکزی حکومت کے آج کے فیصلے سے پکوان گیاس سیلنڈر کی قیمت گھٹ کر تقریباً 900 روپئے ہوجائے گی۔