غازی آباد: ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ غازی آباد میں ایک جوڑے کی گیزر سے خارج ہونے والی گیس کے بعد سانس لینے لینے میں دشواری اور مبینہ طور پر دم گھٹنے کی وجہ سے موت ہوگئی۔ مرنے والوں کی شناخت دیپک گوئل (40 سالہ) اور شلپی (36 سالہ) کے طور پر کی گئی ہے جو مراد نگر کے اگراسین کالونی فیز1 کے رہنے والے تھے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق چہارشنبہ کو ہولی کھیلنے کے بعد جوڑا تقریباً 4 بجے نہانے کے لیے باتھ روم گیا۔ ان کے دونوں بچوں نے پڑوسیوں کو اطلاع دی جب ایک گھنٹے بعد بھی جوڑا باہر نہ آیا۔ پولیس حکام نے مزید بتایا کہ پڑوسیوں نے دروازہ کھولا جو اندر سے بند تھا اور دونوں کو بے ہوش پایا۔ انہیں یشودا اسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ اسپتال نے مراد نگر پولیس اسٹیشن کو میمو بھیجا، جس کے بعد ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور تحقیقات شروع کردی۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ اندر موجود سلنڈر اورگیزرکی وجہ سے جب وہ باتھ روم میں داخل ہوئے تو اسے گھٹن محسوس ہوئی۔ وینٹیلیشن (ہوا کی آمد ورفت) کا کوئی انتظام نہیں ہے اور وینٹیلیشن کے لیے بنائے گئے دروازے کے اوپر والا شیشہ بھی بند ہے۔ دیپک نے حال ہی میں غازی آباد میں پینٹ کیمیکل فیکٹری کھولی تھی جبکہ شلپی ایک گھریلو خاتون تھیں۔