کنگسٹن ۔ ویسٹ انڈیز کے جارحانہ اوپنر کرس گیل دو سال میں پہلی مرتبہ ملک کی ٹی20 بین الاقوامی ٹیم میں شامل ہوسکتے ہیں۔گیل اس سال مارچ کی شروعات میں سری لنکا کے دورے کے لئے ویسٹ انڈیز کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز اس دورے کے لئے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان اس ہفتے کے آخر تک کرسکتی ہے ۔ گیل اس وقت پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے لئے کھیل رہے ہیں۔ گیل نے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کا حصہ بنیں گے ۔ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دینے سے پہلے گیل کو دوسرے کھلاڑیوں کی طرح فٹنس ٹسٹ سے گزرنا ہوگا۔ اگر گیل یہ سیریز کھیلتے ہیں تو وہ اگست 2019 کے بعد سے کرکٹ کے کسی بھی فارمیٹ میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کریں گے ۔ اس سے قبل انہوں نے 2019 میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں ویسٹ انڈیز کے لئے کھیلا تھا۔گیل نے 2019 کے آخر میں کرکٹ سے تھوڑے وقت کے لئے وقفہ لیا تھا لیکن گزشتہ سال جنوری میں بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں واپسی کرنے پر انہوں نے کہا تھا کہ وہ ابھی بھی ویسٹ انڈیز کی طرف سے کھیلنے کے لئے تیار ہیں۔