نئی دہلی : سپریم کورٹ نے 5 فروری سے شروع ہونے والے گریجویٹ انجینئرنگ اہلیتی ٹسٹ (جی اے ٹی) 2022کو ملتوی کرنے کی درخواست کو جمعرات کے روز مسترد کر دیا۔ درخواست کو مسترد کرتے ہوئے جسٹس چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ امتحان کو ملتوی کرنے سے انتشار اور غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگی جس سے تیاریوں میں مصروف اسٹوڈنٹس کے مستقبل پر برا اثر پڑے گا۔عرضی میں کووڈکی تیسری لہر کے پیش نظر امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے آج درخواست گزار امیدوار طلباء کی جانب سے وکیل پلبھ مونگیا کی جلد سماعت کی عرضی کو مسترد کردیا۔
اس بار انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی ( آئی آئی ٹی) کھڑگ پور امتحان منعقد کر رہا ہے ۔ اس امتحان کے لیے امتحانی ایڈمٹ کارڈ جاری کر دیئے گئے ہیں۔چیف جسٹس این۔ وی رمن نے بدھ کو ‘خصوصی تذکرہ’ کے دوران ایڈوکیٹ مونگیا نے کئی امیدواروں کی عرضی پر جسٹس وی رمن کی سربراہی والی تین رکنی بنچ کے سامنے تیزی سے سماعت کرنے کی مانگ کی تھی، جسے قبول کر لیا گیا تھا۔خیال رہے درخواست میں کووڈ-19 کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر 5 فروری سے ہونے والے امتحان کو ملتوی کرنے کا حکم دینے کی درخواست کی گئی تھی۔’خصوصی تذکرہ ‘کے دوران درخواست گزاروں کی طرف سے بنچ کے سامنے بتایا گیا کہ تقریباً نو لاکھ امیدوار امتحان میں شریک ہو رہے ہیں۔