ہائبرڈ جنگجوؤں سے نمٹنا سال 2022 کا بہت بڑا چیلنج :آئی جی پی

   

ہائبرڈ جنگجوئوں کا پولیس تھانے میں کوئی ریکارڈ نہیں ہوتا، گیلانی کی پرامن تدفین پولیس کی سب سے بڑی کامیابی

سری نگر: کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے سال 2021 میں سینئر علاحدگی پسند لیڈر سید علی گیلانی کی پر امن تدفین کو پولیس کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہائبرڈ جنگجوؤں سے نمٹنا سال 2022 کا بہت بڑا چیلنج ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں سال 2021 کے دوران 171 جنگجو مارے گئے جن میں 19 پاکستانی جبکہ 152 مقامی جنگجو تھے ۔ موصوف آئی جی پی نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز یہاں پولیس کنٹرول میں سال کے اختتام پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے علاحدگی پسند لیڈر سید علی گیلانی کو پر امن طریقے سے دفن کیا اس دوران امن و قانون کی صورتحال بحال رہی لہٰذا میں اس کو پولیس کی سب سے بڑی کامیابی شمار کرتا ہوں۔ مسٹر کمار نے کہا کہ پولیس کے لئے ہائبرڈ جنگجوئوں سے نمٹنا سال 2022 کا بہت بڑا چیلنج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے لئے ہائبرڈ جنگجوئوں سے نمٹنا اگلے سال (2022) کا بہت بڑا چیلنج ہوگا کیونکہ یہ وہ جنگجو ہیں جن کا پولیس تھانوں میں کوئی ریکارڈ نہیں ہوتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی لیڈران ہائبرڈ جنگجو کی اصطلاح سے اختلاف کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ پولیس نے یہ اصطلاح جنوری 2021 میں تیار کی تھی۔ موصوف آئی جی پی نے کہا کہ مختلف سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد دیکھا گیا کہ 17 برس عمر کے لڑکے پولیس اور سیکورٹی فورسز اہلکاروں پر حملے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لڑکوں کا پولیس کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں ہوتا ہے نہ ہی ان کے پولیس تھانوں میں فوٹو ہوتے ہیں۔ وجے کمار نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو آسان طریقے سے نشانہ بنانے کے عمل کی روک تھام کو یقینی پولیس کے سامنے دوسرا بڑا چیلنج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگجو نہتے پولیس اہلکاروں پر حملے کرتے ہیں کچھ کو مسجدوں سے نکلتے ہوئے مارا گیا کچھ کو بازاروں میں مارا گیا تو کچھ کو گھروں میں مارا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس سال2022 کے دوران ایسے حملوں کو روکنے کے لئے کام کرے گی۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ سال 2021 کے دوران 171 جنگجو مارے گئے جن میں 19 پاکستانی جبکہ 152 مقامی جنگجو تھے ۔