ہائی ٹیک سٹی کی ترقی سے حالات بدلنے والے نہیں،پرانے شہر کی ترقی ندارد ، جی ایچ ایم سی سے شہر کی مجموعی ترقی ضروری

   

حیدرآباد۔ ہائی ٹیک سٹی کے علاوہ بھی حیدرآباد ہے اور اس حیدرآباد میں بھی سڑکیں خستہ حالت میں ہیں لیکن مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ہائی ٹیک سٹی ‘ گچی باؤلی اور ان مصروف علاقوں کی سڑکوں کی مرمت عاجلانہ طور پر کرلی جاتی ہے جومذکورہ علاقو ںمیں ہیں لیکن پرانے شہر کے علاوہ اب تو شہر حیدرآباد کے مرکزی علاقہ تصور کئے جانے والے علاقوں میں بھی جی ایچ ایم سی کی جانب سے فوری سڑکوں کی مرمت کے اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔ جو لوگ ہائی ٹیک سٹی کے علاقہ کا دورہ کرتے ہیں وہ اب یہ کہنے لگے ہیں کہ شہر حیدرآباد میں دوسرے علاقہ بھی موجود ہیں صرف ہائی ٹیک سٹی کے علاقہ کی ترقی سے کوئی حالات تبدیل ہونے والے نہیں ہیں اور نہ ہی شہرکی مجموعی ترقی ہوسکتی ہے ۔ شہری رائے دہندوں کا کہناہے کہ حکومت اور جی ایچ ایم سی کو شہر حیدرآباد کی مجموعی ترقی کیلئے شہر کے ہر خطہ میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے اور جن علاقو ںمیں سڑکوں کی خستہ حالت ہے ان علاقو ںمیں سڑکوں کی مرمت کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے پیش نظر کئے گئے ایک سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ شہر حیدرآباد کی مجموعی ترقی کی باتیں کی جاتی ہیں لیکن ترقی کے نام پر ہائی ٹیک سٹی‘ جوبلی ہلز ‘ بنجارہ ہلز اور مادھاپورکی سڑکوں کا مشاہدہ کروایا جاتا ہے جبکہ حقیقی حیدرآباد پرانے شہر میں بستا ہے اور پرانے شہر میں شروع کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کو کئی برسوں تک جاری رکھنے کی پرانی روایت پر ہر حکومت عمل کرتی ہے۔سڑکوں کی خستہ حالت کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںکا کہناہے کہ جن سڑکوں پر ٹریفک زیادہ ہوتی ہے ان سڑکوں کو ترجیحی بنیادوں پر درست کیا جاتا ہے اسی لئے بعض علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر تعطل کا شکار ہوا کرتی ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کا اگر جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ شہر حیدرآباد کی ترقی بلکہ پرانے شہر کے عوام کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بھی ناکام ہوچکی ہے اور اب بھی کوئی ایسا منصوبہ پیش نہیں کیا گیا ہے کہ پرانے شہر کے رائے دہندوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ پرانے شہر کو ہائی ٹیک سٹی اور شہر کے دیگر علاقوں کے مساوی ترقی دینے کے اقدامات کئے جائیں گے اور پرانے شہر کی خستہ حال سڑکوں کو درست کیا جائے گا۔