حیدرآباد 4 اگست (سیاست نیوز) نئے تعمیر کئے گئے ویمنس ہاسٹل کو صرف انڈر گریجویٹ (یو جی) طالبات ہی کیلئے مختص کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نظام کالج کی طالبات نے کل یہاں کالج کے احاطہ میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ڈگری پروگرامس میں زیادہ داخلوں کا تذکرہ کرتے ہوئے احتجاجی طالبات نے کالج مینجمنٹ سے یو جی اسٹوڈنٹس کے لئے ہاسٹل کی پوری جگہ فراہم کرنے پر زور دیا۔ انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ ہاسٹل اکاموڈیشن میں پی جی طالبات کو بھی قیام کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جس کی وجہ بعض انڈر گریجویٹ کورس کی طالبات کو کالج کے باہر قیام کرنے پر مجبور ہونا پڑرہا ہے۔ قبل ازیں کالج مینجمنٹ نے نئے تعمیر کردہ ہاسٹل میں صرف پوسٹ گریجویٹ (پی جی) طالبات کے لئے قیام کی سہولت فراہم کی تھی جس کے بعد انڈر گریجویٹ طالبات نے احتجاج کرتے ہوئے انہیں نئی ہاسٹل بلڈنگ میں قیام کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن نے کالج مینجمنٹ اور عثمانیہ یونیورسٹی کے عہدیداروں کو یو جی اور پی جی کی طالبات کو ہر ایک کو 50 فیصد ہاسٹل الاٹ کرنے کی ہدایت دی تھی۔