ہتھیار فروخت کرنے والا ریاکٹ بے نقاب

   

شمالی ہند کے دو افراد گرفتار، راچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 8 جون (سیاست نیوز) شہر میں ہتھیار فروخت کرنے والے ایک ریاکٹ کو راچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے بین ریاستی ٹولی کا پردہ فاش کردیا اور شمالی ہند سے تعلق رکھنے والے افراد کو گرفتار کرلیا جو شہر کے نواحی علاقہ میں چوکیداری کررہے تھے۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون اور میرپیٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی میں دو افراد کو ہتھیاروں کے ساتھ گرفتار کرلیا جو راچہ کنڈہ میں ہتھیار فرخت کررہے تھے۔ اس بین ریاستی ٹولی کو بے نقاب کرنے کے بعد پولیس کی الجھنوں میں اضافہ ہوگیا ہے کہ آیا اس ٹولی نے آخر کتنے افراد کو ہتھیار فروخت کیا اور اس طرح کے اور کتنی ٹولیاں سرگرم ہیں۔ اس سلسلہ میں جوائنٹ کمشنر راچہ کنڈہ پولیس مسٹر سدھیر بابو نے بتایا کہ بہار کے متوطن دو افراد 30 سالہ ارون یادو ساکن سکندرآباد اور 48 سالہ شنکریادو ساکن الماس گوڑہ متوطن بہار کو گرفتار کرلیا جبکہ 35 سالہ متھیلش کمار نامی شخص کو مفرور بتایا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے دو پستول، 6 کارتوس، ایک زائد میگزن اور دو موبائیل فون ضبط کرلیا۔ جوائنٹ کمشنر نے بتایاکہ شنکریادو سال 2010ء میں اور ارون یادو سال 2019ء جنوری میں حیدرآباد آیا تھا۔ ارون چٹنی ہوٹل سکندرآباد میں چوکیداری کرتا تھا اور شنکر یادو الماس گوڑہ کے ایک شراب خانہ میں چوکیدار تھا۔ دونوں آمدنی سے ناخوش تھے انہوں نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے بہار میں موجود متھیلیش سے رابطہ قائم کیا اور 20 ہزار میں ایک پستول خریدکر ایک لاکھ روپئے میں فروخت کرتے تھے۔ پولیس مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔