ہریانہ میں اندرون ایک گھنٹہ زلزلے کے دو جھٹکے، دہلی میں بھی اثر

,

   

پیمائش 4.6 ، مالی اور جانی نقصان کی فوری اطلاع نہیں ، لوگ خوف کے عالم میں گھروں و عمارتوں سے نکل آئے

نئی دہلی/ روہتک ۔ /29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی ہند میں جمعہ کو ہریانہ کے شہر روہتک میں اندرون 60 منٹ زلزلے کے دو جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلہ کیشدت 4.6 کے آس پاس ریکارڈ کی گئی ۔ پہلا جھٹکہ رات 9.08 بجے اور دوسرا 2.9 کی کمتر شدت کا رات 10 بجے محسوس کیا گیا ۔ روہتک میں پیش آئے زلزلے کے اثرات دہلی اور این سی آر خطہ تک محسوس کئے گئے ۔ دہلی اور این سی آر کو ملحوظ رکھیں تو /12 اپریل سے یہ پانچویں مرتبہ ہے کہ زلزلہ آیا ہے ۔ نیشنل سنٹر فار سیسمالوجی نے کہا کہ پانچوں جھٹکوں میں آج کا شدید جھٹکا رہا ۔ تاہم فوری طور پر کوئی مالی یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ مگر کئی مقامات پر لوگوں کو 9.08 بجے والے جھٹکے کے موقع پر خوف وہراس کے عالم میں اپنے گھروں اور عمارتوں سے دوڑکر باہر نکلتے دیکھا گیا ۔ نیشنل سنٹر کے عہدیدار جے ایل گوتم نے کہا کہ زلزلہ روہتک کے قریب 5 کیلو میٹر کی گہرائی میں پیش آیا ۔ اس کا عرض البلد 28.8 ڈگری شمال اور طول البدل 76.7 ڈگری مشرق میں ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اپریل اور مئی کے دوران کم شدت کے کئی زلزلے آئے اور ان میں آج کا پہلا جھٹکہ سب سے زیادہ شدت کا رہا ۔ تاہم آج کے جھٹکوں کا مبداء دہلی نہیں ہے ۔ حالیہ تمام 4 زلزلوں کا مبداء یا مرکزی مقام دہلی تھا ۔ آج دہلی سے خاصے فاصلہ پر قدرتی جھٹکہ محسوس کیا گیا ۔ اس لئے دہلی این سی آر کے حصوں میں صرف ہلکے مابعد جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ دہلی میں مبداء والے تمام حالیہ زلزلے جن کی شروعات /12 اپریل کو ہوئی ، وہ ریکٹر اسکیل پر 3.5 یا اس سے کم شدت کے ریکارڈ کئے گئے تھے ۔ ان میں سے آخری 2.2 شدت کا تھا ۔ بیورو آف انڈین اسٹانڈرڈس نے سارے ملک کو زلزلے کے اعتبار سے 4 زون میں زمرہ بند کیا ہے ۔ ان میں سے پہلا زون II سب سے کم شدت کا خطہ ہے اور زون V سب سے شدید نوعیت کا ہے ۔ یعنی یہ زون زلزلوں کے معاملہ میں نہایت مخدوش ہیں۔دہلی ، ہریانہ اور چندی گڑھ کے بڑے حصے زون IV (شدید) کے تحت آتے ہیں ۔ اس خطہ میں مرادآباد ، پانی پت اور سوہنا جیسے علاقے بھی شامل ہیں ۔