ہریانہ میں فلور ٹیسٹ کا مطالبہ‘ دشینت چوٹالہ کاگورنر کو مکتوب

   

بی جے پی حکومت اقلیت میں آگئی ‘ کسی دوسری جماعت کی تائید کا اعلان

چنڈی گڑھ: ہریانہ میں جاری سیاسی ہلچل کے درمیان سابق نائب وزیر اعلی و جے جے پی قائددشینت چوٹالہ نے گورنر کے نام خط تحریر کر کے اسمبلی میں خصوصی اجلاس طلب کرنے اور فلور ٹیسٹ کرائے جانے کا مطالبہ کیا۔ دشینت چوٹالہ نے واضح کیا کہ وہ موجودہ حکومت کی حمایت نہیں کرتے اور ہریانہ میں کسی دوسری جماعت کی جانب سے حکومت سازی کیلئے دروازے کھلے ہیں اور ان کی پارٹی کسی بھی دوسری جماعت کی حمایت کرئے گی۔جن نائک جنتا پارٹی( جے جے پی)کے دس ارکان ہیں ۔خیال رہے کہ ہریانہ کی موجودہ نائب سنگھ سینی کی حکومت اس وقت سے سیاسی بحران کا سامنا کر رہی ہے، جب سے تین آزاد ارکان اسمبلی نے حکومت سے اپنی حمایت واپس لے لی۔ تینوں نے حکومت سے حمایت واپس لیتے ہوئے کانگریس کو حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے بعد سے ہی موجودہ حکومت پر خطرے کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ہریانہ میں فی الحال 88 ارکان اسمبلی ہیں۔ بی جے پی کے پاس 40، کانگریس کے پاس 30، جے جے پی کے پاس 10‘ ایچ ایل پی اور آئی این ایل ڈی کے پاس ایک ایک رکن اسمبلی ہے۔ دشینت چوٹالہ کا مطالبہ ہے کہ گورنر نائب سنگھ سینی حکومت کو اسمبلی میں فلور ٹیسٹ کیلئے طلب کیا جائے گا۔ہریانہ میں اپوزیشن لیڈران کو یہ ثابت کرنے کے لئے کہ ریاستی حکومت اقلیت میں ہے، اسے اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنا ہوگی۔ کانگریس نے مارچ میں ہی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی تھی لہذا تکنیکی طور پر فی الحال اسمبلی میں کوئی قرارداد پیش نہیں کی جا سکتی۔