ہریتا ہارم کے تحت لگائے گئے پودوں کی حفاظت ہر ایک کی ذمہ داری

   

دھرمارم منڈل کے نندی میڈارم میں منعقدہ ہریتا ہارم پروگرام میں ریاستی وزیر بہبود کی شرکت

پداپلی۔ریاستی وزیر بہبود جناب کوپّولہ ایشور نے مطالبہ کیا کہ سر سبز و شاداب ماحول کی خاطر ہم سب کو شجر کاری کے تحت لگائے گئے پودوں کی حفاظت کی ذمہ داری لینی ہوگی۔ دھرمارم منڈل کے نندی میڈارم میں منعقدہ ہریتاہارم پروگرام میں وزیر بہبود جناب کوپولہ ایشور نے بروز منگل شرکت کی۔ہریتاہارم پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے شجرکاری کی اور پودوں کو پانی ڈالا۔ بعد ازاں وہاں پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ہر موضع میں ایک پارک کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے. ماحولیات سے بڑی انسیت رکھنے والے ریاست کے وزیر اعلیٰ کے سی آر نے ہریتاہارم پروگرام کا آغاز کیا ۔ حکومت بڑی تعداد میں لوگوں کو مطلوبہ پودے مہیا کررہی ہے۔ اس موقع سے مستفید ہونے اور لگائے گئے پودوں کی حفاظت کرنے کا وزیر موصوف نے مطالبہ کیا۔انھوں نے کہا کہ مواضعات اور بلدیات میں شجرکاری کے تحت پودوں کے تحفظ کے معاملے کوبھی وزیر اعلیٰ نے قانون میں شامل کیا ہے۔ مقامی نمائندوں اور عہدیداروں کو آپسی تال میل سے کم از کم 75%پودوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی وزیر موصوف نے ہدایت دی۔ نئے پنچایت و بلدیاتی ایکٹ کے مطابق ہر بلدیہ میں اور ہر موضع میں نرسری قائم کرنے اور ساتھ ہی 10%گرین بجٹ مختص کرنے’اس بجٹ کا استعمال کرتے ہوئے پودوں کی حفاظت کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر موصوف نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ بڑے پیمانے پر مواضعات میں سر سبز ی و شادابی لانے والے ہریتاہارم پروگرام میں حصہ لیں اور دیہات کو سر سبز و شاداب بنائیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ مقامی نمائندے ہریتاہارم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کریں ، پودوں کی دیکھ بھال کے لئے ضروری اقدامات کریں ، لوگوں کو پودوں کی ضرورت کے بارے میں آگاہ کریں اور ان کی شراکت کو یقینی بنائیں. انہوں نے کہا کہ ہر موضع میں یادادری ماڈل کا نمونہ لیتے ہوئے میاواکی طریقہ کار سے پارکوں کا قیام منظم انداز میں ہونا چاہئے۔ اس پروگرام میں زیڈپی چیرمین پوٹّا مدھو’ ضلعی دیہی ترقیاتی عہدیدار ونودکمار’ زیڈ پی سی ای او گیتا’ متعلقہ عہدیدار و دیگرنے شرکت کی۔