ہریتا ہارم کے چھٹویں مرحلہ کے تحت پھلوں اور پھولوں کے پودوں کی تقسیم

   

فضائی آلودگی کے انسداداور آکسیجن کی فراہمی کیلئے شجرکاری پر زور ، وزیر گنگولا کملاکر اورمیئر کریم نگر سنیل راؤ کا خطاب

کریم نگر۔وزیر پسماندہ طبقات وسیول سپلائیز گنگولا کملاکر نے چھٹویں مرحلہ کے ہریتا ہارم پروگرام کے سلسلہ میں آج ڈیویژن 40 کے مہر نگر میں میئر سنیل راؤ اور کمشنر کرانتی کے ساتھ مختلف پھلوں اور پھولوں کے پودے تقسیم کئے۔ ڈیویژن کے ہر مکان پر دستک دیتے ہوئے مکان میں موجود خواتین کی مرضی کے مطابق انہیں پودے حوالے کئے۔ اس طرح جملہ 2 ہزار پودوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی اور ان پودوں کو گھروں کے احاطے میں لگانے اور ان پودوں کی نگہداشت کی طرف خصوصی توجہ دینے کی خواہش کی۔انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت کے مطابق50 لاکھ پودے لگائے جانے کا نشانہ پورا کرنا ہے۔ خوشگوار ماحول کے لئے شجرکاری ضروری ہے اس سلسلہ میں روزانہ گھوم پھر کر عوام میں پودے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بغیر سوچے سمجھے درختوں کی کٹوائی سے آج ماحول میں خرابی پیداہورہی ہے۔ درخت انسانی زندگی کیلئے ضروری ہیں۔ درختوں سے فضائی آلودگی دور ہوتی ہے اور آکسیجن کی فراہمی کیلئے شجرکاری میں تمام کو حصہ لینا چاہیئے۔ پروگرام میں کارپوریٹرس اور مختلف عہدیداروں نے حصہ لیا۔کریم نگر۔میئر کریم نگر وائی سنیل راؤ نے کہا کہ موسمی بیماریوں کو پھیلنے سے روکنے کے لئے شہر کے عوام کو ہر ممکنہ کوشش کرنی چاہیئے ۔وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کی ہدایت کے تحت کریم نگر میں میئر کی نمائندگی پر ڈیویژن 33 بھگت نگر میں ہر اتوار صبح 10 بجے دس منٹ کے پروگرام منعقد کرنے کا ذمہ لیا۔ اس موقع پر چند کالونیوں کا دورہ کیا اور وہاں کنڈیوں، کولرس اور استعمال شدہ خالی ڈبوں وغیرہ میں جمع شدہ پانی پھینکوادیا اور موسمی بیماریوں کے تعلق سے شعور بیدار کیا اور صاف صفائی کے تعلق سے ہدایات دیں اور کہا کہ ہر اتوار کو مجلس بلدیہ کی جانب سے روبہ عمل لائے جانے والے پروگرام میں ہر ایک کو لازمی طور پر حصہ لینے کی شدید ضرورت ہے۔گھروں میں رکھے ہوئے کچرے کی صفائی کریں اور کہیں پر بھی پانی جمعہ ہونے نہ دیا جائے۔ صحت کی برقراری کیلئے نہ صرف اپنے گھر بلکہ اپنے اطراف و اکناف بھی صاف صفائی کا خیال رکھا جائے۔ تاحال کورونا کی وباء کی وجہ سے عوام کافی مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔ مزید موسمی امراض بخار وغیرہ آجائے تو مزید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ، وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ عوام کی خوشحالی اور صحت و ترقی کیلئے کئی قابل تقلید اور مثالی اقدامات کررہے ہیں ۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔