ہری دوار نفرت انگیز تقریر پر محمود مدنی کا امیت شاہ کو مکتوب

   

مظفر نگر ۔ جمعیۃ علمائے ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، نیشنل کمیشن فار مائناریٹیز

(NCM)،
نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن
(NHRC)
اور وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے گزشتہ ہفتہ ہری دوار میں منعقدہ دھرم سنسد کے منتظمین اور شرکاء کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دھرم سنسد میں تقاریر کرنے والوں نے نفرت انگیزی کا زہر اگلتے ہوئے مسلم اقلیتوں کے خلاف تشدد برپا کرنے کی بات کہی تھی۔ جناب مدنی نے اپنے مکتوب میں کہا کہ اس واقعہ پر حکومت کی خاموشی ملک کے لئے شدید نقصان دہ ثابت ہوگی۔ فی الحال ملک میں جو ماحول پیدا کیا جارہا ہے وہ ملک کے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے خطرہ ہے۔ نفرت انگیز تقریر کرنے والوں نے کھلم کھلا مسلمانوں کی نسل کشی کرنے اور ہندوؤں کو مسلح ہونے کا مشورہ دیا تھا۔ جناب مدنی نے اپنے مکتوب میں غآزی آباد کے داسنا مندر کے متنازعہ پجاری یتی نرسنگھا نند کا تذکرہ بھی کیا جو دھرم سنسد کے منتظم بھی تھے جس کا انعقاد ہری دوار کے بھوپٹ والا میں 16 تا 19 ڈسمبر 2021 کیا گیا تھا۔ بہرحال پولیس نے دفعہ 153-A کے تحت ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا کارروائی کی جاتی ہے۔