ہر رائے دہندہ تک ووٹر سلپ بروقت سربراہ کرنے الیکشن کمیشن کی ہدایت

   

رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کی مساعی، پولنگ بوتھس میں سیل فون لیجانے پر پابندی

حیدرآباد : اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے بلدی انتخابات میں رائے دہی کی فیصد میں اضافہ کے لئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی ہے کہ ہر رائے دہندے تک ووٹر سلپ جلد از جلد پہنچائی جائے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں کمی کی اہم وجہ ووٹر لسٹ سے محرومی ہے۔ ووٹر لسٹ نہ ملنے پر کئی خاندان رائے دہی سے دور رہتے ہیں اور عہدیداروں کی ذمہ دار ہے کہ ہر رائے دہندے تک ووٹر سلپ پہنچائی جائے ۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر سی پارتھا سارتھی نے جی ایچ ایم سی کمشنر و الیکشن اتھاریٹی لوکیش کمار کو ہدایت دی ہے کہ رائے دہندوں تک ووٹر سلپ پہنچانے کو جلد از جلد مکمل کریں۔ ہر رائے دہندہ کو اس بات کی اطلاع رہے کہ اس کا پولنگ بوتھ کس مقام پر ہے۔ بروقت ووٹر سلپ کی سربراہی سے عوام کو رائے دہی میں حصہ لینے کی ترغیب دی جاسکتی ہے۔ سیول سوسائٹی اور این جی اوز سے اس سلسلہ میں مدد حاصل کی جائے گی ۔ ڈپٹی میونسپل کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ووٹر سلپ کی تقسیم کے کام کی شخصی طور پر نگرانی کریں اور بعض گھروں تک پہنچ کر ووٹر سلپ کے بارے میں معلومات حاصل کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے رائے دہی کے موقع پر رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے واضح کردیا کہ کسی شخص کو پولنگ اسٹیشن میں سیل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بیالٹ پیپر پر ووٹ کے استعمال کی تصاویر سوشیل میڈیا میں عام ہونے کی سابقہ شکایتوں کے پس منظر میں کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ حالیہ گرام پنچایت انتخابات میں بعض رائے دہندوں نے بیالٹ پیپر کی تصویر سوشیل میڈیا میں عام کردی تھی ۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ آفیسرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹیلیفون کے ساتھ رائے دہندوں کے داخلہ پر روک لگائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے یا قید کی سزا کی گنجائش ہے۔