حیدرآباد 17جنوری (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ 26 جنوری سے مستحق خاندانوں کو نئے راشن کارڈس جاری کئے جائیں گے۔ تلنگانہ میں 90 لاکھ راشن کارڈ موجود ہیں جن کے تحت دو کروڑ 81 لاکھ افراد موجود ہیں۔ پرجا پالنا کے تحت حکومت مکمل شفافیت سے راشن کارڈس جاری کریگی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرانے راشن کارڈ منسوخ نہیں کئے جائیں گے۔ نئے راشن کارڈس کیلئے موصولہ درخواستوں کی بنیاد پر سروے کیا جائے گا ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس نے جن 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا تھا، ان پر عمل کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈ کے ذریعہ فلاحی اسکیمات سے استفادہ کی سہولت رہے گی اور 20 جنوری سے سروے کا آغاز ہوگا ۔ حکومت نے نئے راشن کارڈس کیلئے رہنماخطوط جاری کئے ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ حالیہ طبقاتی سروے کی بنیاد پر راشن کارڈ سے محروم خاندانوں کی تفصیلات ضلع کلکٹرس اور کمشنر جی ایچ ایم سی کو راونہ کی جائیں گی ۔ منڈل سطح پر ایم پی ڈی او سطح کے عہدیدار درخواستوں کی جانچ کریں گے۔ اسی دوران وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا نے کہا کہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ کوئی بھی مستحق خاندان حکومت کی اسکیمات سے محروم نہ رہیں۔ 26 جنوری سے راشن کارڈ ، اندراماں ہاؤزنگ ، رعیتو بھروسہ اور اندراماں آتمیہ بھروسہ اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ سیتکا نے عادل آباد ضلع کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ استفادہ کنندگان کے انتخاب میں بے قاعدگیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔1