ہماچل میں بادل پھٹ پڑے ، 11 افراد ہلاک

   

3 بچوں سمیت 20 افراد لاپتہ ، کئی مکانات منہدم
پنجاب کو ملانے والا ریلوے پل بہہ گیا
شملہ۔ ہماچل پردیش میں بارش نے بڑی تباہی مچائی ہے۔ جس میں 11 افراد ہلاک ہوگئے اور 3 بچوں سمیت 20 سے زیادہ افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں ۔ کانگڑا میں جہاں انگریز دور کا چکی ریلوے پل ٹوٹ گیا جو پنجاب اور ہماچل پردیش کو ملاتا ہے ۔ وہیں منڈی میں بھی بارش نے ایک خاندان کو تباہ کر دیا ہے۔ منڈی ضلع کے گوہر میں پردھان کا گھر مٹی کے تودے کی زد میں آ گیا ہے اور وہاں سوئے ہوئے کل 7 افراد ملبے میں دب گئے ہیں۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے منڈی اور کلّو میں اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔ پورا بازار اور بس اسٹینڈ کھائی کی لپیٹ میں آچکا ہے۔ منڈی میں کٹول، گوہر سمیت کئی علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے سے 15 افراد لاپتہ ہیں۔ گوہر میں پردھان کے گھر پر مٹی کا تودہ گر گیا ہے اور خاندان کے 7 افراد لاپتہ ہیں۔ راحت و امدادی کام جاری ہیں ۔