ہماچل میں مانسون کا قہرجاری،149سڑکیں بند،تاحال224اموات

,

   

ریاست کو1121کروڑ روپے کا نقصان‘کئی علاقوں میں بارش کاسلسلہ جاری

نئی دہلی۔23؍اگست ( ایجنسیز ) ہماچل پردیش میں مانسون کا قہر جاری ہے۔ شدید بارش کے باعث ریاست میں سڑک، بجلی اور پینے کے پانی کی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی 23 اگست کی صبح 10 بجے کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں 149 سڑکیں بند، بجلی کی تقسیم کے 60 ٹرانسفارمر متاثر اور پینے کے پانی کی 35 اسکیمیں متاثر ہیں۔ ایس ای او سی کی 30 جون سے 22 اگست 2026 تک کی مجموعی رپورٹ کے مطابق مانسون کے موسم میں اب تک 224 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 330 افراد زخمی ہوئے ہیں اور ایک شخص لاپتہ ہے۔ ان میں 91 اموات قدرتی آفات سے متعلق واقعات میں اور 133 اموات سڑک حادثات میں ہوئی ہیں۔ ریاست میں مانسون کے باعث اب تک مجموعی طور پر 1,12,129.57 لاکھ روپے، یعنی تقریباً 1,121.30 کروڑ روپے کا نقصان درج کیا گیا ہے۔ نجی اور سرکاری املاک کے ساتھ ساتھ مکانات، دکانوں، مویشیوں کے باڑوں اور دیگر ڈھانچوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔ موسمیات مرکز شملہ کی 23 اگست کی پیش گوئی کے مطابق شملہ شہر اور آس پاس کے علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر تیز بارش کے ساتھ آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔مسلسل بارش کے درمیان انتظامیہ اور متعلقہ محکمے بند سڑکوں کو بحال کرنے اور بجلی و پانی کی خدمات کو معمول پر لانے میں مصروف ہیں۔ لوگوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔