ہماچل پردیش میں اوسط شدت کے دوزلزلے

   

شملہ ۔9ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہماچل پردیش کے ضلع چمبا میں اندرون 10گھنٹے چار سے زیادہ اوسط شدت کے زلزلے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ یہ جھٹکے 12:10بجے دوپہر اور 9:27بجے شب کے درمیان جن کی شدت 2.7 اور 5کے درمیان تھی ۔ محکمہ موسمیات شملہ کے ڈائرکٹر منموہن سنگھ نے ریکارڈ کئے ۔ پہلا زلزلے کا جھٹکا 12:10بجے دوپہر کو تقریباً 5 شدت کا محسوس کیا گیا ۔ دوسرا جھٹکا جس کی شدت 3.2تھی 12:40بجے دوپہر کو آیا ،تیسرا جس کی شدت 2.7 تھی 12:50بجے دوپہراور چوتھا جھٹکا 9:27بجے شب کو محسوس کیا گیا جس کی شدت 3.2تھی ۔زلزلوں کا مبدا 10کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ اتوار کے دن 3.4شدت کے زلزلے کا جھٹکا چمبا میں علی الصبح 5:30بجے اور دوسرا جھٹکا جس کی شدت 4.9تھی ،8:04بجے صبح پر محسوس کیا گیا تھا ۔ ریاست کے کئی علاقوں بشمول چمبا میں اس اعلیٰ سطحی زلزلے کے جھٹکے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ زلزلے کے جھٹکے ریاست گیر سطح پر محسوس کئے گئے ۔ ریاست جموں و کشمیر میں بھی اتوار کے دن اوسط شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے ۔ یہ علاقہ زلزلے کے اعتبار سے مخدوش ’’ آتشی حلقہ ‘‘ میں واقع ہے ۔