ہم امریکہ کیساتھ قیدیوں کے تبادلہ کیلئے تیار: افغانستان

   

کابل : افغانستان انتظامیہ نے کہا ہے کہ ہم، امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے لئے تیار ہیں لیکن امریکہ کی طرف سے اس معاملے میں کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔ عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ’آمو ٹی وی‘ پر، امریکہ اور افغانستان کے درمیان قیدیوں کے ممکنہ تبادلے کے بارے میں جاری کردہ بیانات میں کہا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات جاری ہیں لیکن تاحال کوئی مثبت نتائج سامنے نہیں آئے۔ ہم نے افغانستان میں قید امریکی قیدیوں کے بدلے میں گوانٹا نامو جیل میں قید افغان قیدیوں کی رہائی کی تجویز پیش کی ہے لیکن ابھی تک امریکہ کی طرف سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ 2022 سے افغانستان میں قید چار غیر ملکی قیدیوں کی رہائی کیلئے تقریباً 6 مہینوں سے مذاکرات جاری ہیں۔
اس سے قبل متعدد ذرائع ابلاغ بھی،گوانٹا نامو جیل میں بند افغان قیدی ‘محمد رحیم الافغانی’ کے بدلے میں افغانستان کی جیلوں میں بند امریکی شہریوں کی رہائی کے لئے، دونوں ملکوں کے درمیان مذاکراتی سلسلے کے بارے میں خبریں شائع کرتے رہے ہیں۔