ہند،آسٹریلیا کا فوجی اڈے استعمال کرنے کا معاہدہ

,

   

نئی دہلی۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان فوجی اڈوں تک رسائی کے بشمول 7 معاہدے ہوئے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے آسٹریلیائی ہم منصب اسکاٹ موریسن نے ورچوئل کانفرنس منعقد کی جس میں میوچول لاجسٹک سپورٹ کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔ کانفرنس میں دونوں وزرائے اعظم نے کورونا وائرس ، سائبر سکیورٹی اور باہمی تجارت کو فروغ دینے کے اقدامات پر بھی بات چیت کی۔ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات پہلے ہی سے مستحکم اور اطمینان بخش ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی اور ان کے آسٹریلیائی ہم منصب موریسن نے جمعرات کو ایک دوسرے کے فوجی اڈے استعمال کرنے کا معاہدہ کیا۔ترجمان نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور مشقوں کیلئے مزید راہ ہموار کرے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ورچوئل سمٹ میں مودی نے کہا کہ یہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پارٹنر شپ اور بزنس کا نیا ماڈل ہے۔ہندوستان اور امریکہ کے درمیان بھی اسی نوعیت کا ایک معاہدہ ہے جو دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کا حصہ ہے تاکہ خطے میں چین کی اقتصادی ترقی اور فوجی توازن کو برقرار رکھا جاسکے۔