ہندوستانی بحریہ کے دفاعی راز کی منتقلی معاملہ میں مزید تین گرفتاریاں

   

حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (NIA) نے وشاکھاپٹنم میں واقع بحریہ کی اہم معلومات پاکستان کو فراہم کرنے سے متعلق مقدمہ میں مزید تین ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے روابط کے معاملہ میں کرناٹک اُترا کناڈا ضلع سے وی لکشمن اور اکشئے روی نائیک کو گرفتار کیا گیا جبکہ کیرالا کے کوچی سے پی اے ابھیلاش کو این آئی اے حکام نے گرفتار کیا ہے۔ جاسوسی کے اس مقدمہ میں گرفتار شدگان کی تعداد 8 ہوچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تینوں گرفتار شدگان سوشیل میڈیا کے ذریعہ پاکستان انٹلی جنس کے حکام سے ربط میں تھے اور وہ ہندوستانی بحریہ سے متعلق اہم دفاعی راز پہنچارہے تھے جس کے لئے انہیں رقم دی جارہی تھی۔ این آئی اے نے تاحال 5 افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے جن میں دو پاکستانی شامل ہیں۔ یہ مقدمہ جنوری 2021 میں آندھرا پردیش کے کاؤنٹر انٹلی جنس سیل میں مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔ این آئی اے تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ پاکستانی شہری میر بلج خاں نے آکاش سولنکی کے ساتھ ملکر ہندوستانی بحریہ کے اہم دفاعی راز حاصل کرنے کی سازش تیار کی۔ مزید تین گرفتاریوں سے این آئی اے کی تحقیقات میں تیزی پیدا ہوئی ہے۔ امکان ہے کہ گرفتار شدگان سے پوچھ تاچھ کے بعد اس کیس میں مزید انکشافات ہوسکتے ہیں۔ 1