ہندوستانی خاتون کرکٹرز کے معاہدے ہنوز غیریقینی

   

نئی دہلی۔ ہندوستانی خواتین کرکٹرز30 ستمبر 2020 سے بغیرکسی معاہدے کے ہیں اور انہیں یہ معلوم نہیں ہے کہ2 جون کو انگلینڈ کے دورے کے لئے جب وہ روانہ ہوں گی تب تک وہ نئے سالانہ معاہدے پر دستخط کرسکیں گی یا نہیں۔ اس دورے میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم کو ایک ٹسٹ، تین ونڈے اور تین ٹی20 کھیلنا ہے ۔ یہ واحد ٹسٹ ہندوستان کے تقریباًسات سال میں پہلا ٹسٹ ہوگا۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ یہ معاملہ مکمل طور پر سکریٹری جئے شاہ کا دفتردیکھ رہا ہے دورہ انگلینڈ کے لئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان جمعہ کی رات کوکیاگیا تھا اورکھلاڑیوں کو18 مئی کو ممبئی میں جمع ہونے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ خیال کیا جارہا ہے کہ ہندوستانی کھلاڑی مردکھلاڑیوں کی طرح دو ہفتوں کے قرنطینہ سے گزریں گی اور اس کے بعد پوری ٹیم چارٹر فلائٹ سے برطانیہ کے لئے روانہ ہوگی۔ پچھلے سال مارچ میں آسٹریلیا میں ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کے بعد سے ہندوستانی خاتون ٹیم نے جوکرکٹ کھیلی ہے وہ گذشتہ نومبر میں شارجہ میں چار میچوں کاخاتون ٹی20 چیلینج اور اس سال کے شروع میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو محدود اووروں کی سیریز جن میں ہندوستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان شکستوں کی وجہ سے ڈبلیو وی رمن کوہیڈ کوچ کا عہدہ گنوانا پڑا اور جمعرات کو رمن کی جگہ رمیش پوارکو پھرسے ٹیم کا نیا کوچ بنایادیا گیا۔ ہندوستانی خاتون ٹیم کا دورہ انگلینڈ 15 جولائی کوختم ہوگا اس کے بعد ہندوستان کو اس سال بعد میں یااگلے سال کے آغازمیں آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ کے دوروں پرجانا ہوگا تاکہ وہ 2022 میں ہونے والے ونڈے ورلڈکپ کی تیاریوں کو بہترکرسکے ۔ کئی ہندوستانی کھلاڑیوں کو جولائی سے لے کر دیرنومبرتک انگلینڈ میں دی ہنڈریڈ اورآسٹریلیا میں خاتون بگ بیش لیگ میں حصہ لیناہے ۔ اپریل میں بی سی سی آئی نے28 مردکھلاڑیوں کے لئے چارزمروں کے معاہدے (گریڈ اے پلس سات کروڑروپے ، گریڈ اے پانچ کروڑروپے ، گریڈ بی تین کروڑروپے اورگریڈسی ایک کروڑروپے ) کااعلان کیا تھا، خاتون کلاس کا گزشتہ معاہدہ تین زمروںگریڈ اے50 لاکھ روپے ،گریڈ بی30 لاکھ روپے اورگریڈسی10 لاکھ روپے کاتھا۔ مجموعی طور پر22 خاتون کھلاڑیوں کو2020 میں سالانہ معاہدہ دیاگیا تھا۔ اسمرتی مندھانا، ہرمن پریت کوراورپونم یادو کو اعلیٰ درجے میں رکھاگیا تھا جبکہ موجودہ ونڈے کی کپتان متھالی راج کو ٹی20 سے سبکدوشی کے بعد گریڈبی میں بھیج دیا گیاتھا۔