کیف؍نئی دہلی۔ یوکرین کی سرحدوں پر روسی فوجیوں کی تعیناتی اور اس پر روسی حملے کے خدشے کے درمیان دارالحکومت کیف میں ہندوستانی سفارت خانے نے منگل کو اپنے شہریوں بالخصوص طلباء کو موجودہ صورتحال اور بے یقینی کی فضا کا حوالہ دیتے ہوئے عارضی طور پر ملک چھوڑنے کو کہا ہے ۔ ہندوستانی سفارت خانے نے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے جس میں اپنے تمام شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ یوکرین کے اندر تمام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔سفارت خانے نے تمام ہندوستانیوں سے کہا کہ وہ یوکرین میں اپنے ٹھکانے کے بارے میں سفارت خانے کو مطلع کریں تاکہ ضرورت پڑنے پر ان تک پہنچا جا سکے ۔ سفارت خانہ فی الحال معمول کے مطابق کام کرتا رہے گا۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کی موجودہ غیر یقینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یوکرین میں ہندوستانی شہری خاص طور پر ایسے طلباء جنہیں قیام کی ضرورت نہیں ہے ، عارضی طور پر جانے پر غور کر سکتے ہیں۔ ہندوستانی شہریوں کو یوکرین کے اندر تمام غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے ۔ہندوستانی شہریوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ یوکرین میں اپنی موجودگی کے بارے میں سفارت خانہ کو آگاہ رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر ان تک پہنچا جاسکے ۔