ہندوستانی شہریوں نے 2024 میں 129 بلین ڈالرس وطن روانہ کئے

   

بیرونی زر مبادلہ پاکستان و بنگلہ دیش کے مشترکہ بجٹ سے زیادہ ۔ چین کو پیچھے چھوڑ دیا گیا
حیدرآباد 24 ڈسمبر ( سیاست نیوز) دنیا بھر میں مقیم ہندوستانی شہریوںنے جاریہ سال 2024 میں 129 بلین ڈالر ہندوستان روانہ کئے ہیں ۔ دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم ہندوستانیوں نے اپنے ملک کو جو رقومات روانہ کی ہیں اگر ان کا جائزہ لیا جائے تو ہندوستان کو بیرونی زر مبادلہ جو حاصل ہوا ہے وہ چین کو پیچھے چھوڑ چکا ہے جس کے نتیجہ میں ہندستان دنیا بھر میں بیرونی زرمبادلہ حاصل کرنے والا سرفہرست ملک بن چکا ہے ۔ 129بلین ڈالر جو کہ سال 2024 موصول ہوئے یہ رقم ہندوستان کے دفاعی بجٹ سے تجاوز کرنے کے علاوہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے مشترکہ بجٹ بھی متجاوز کرچکی ہے۔ عالمی سطح پر جاری رپورٹ میں انکشاف میں کہا گیا کہ نہ صرف یہ دفاعی بجٹ کو تجاوز کرچکا ہے بلکہ ہندوستان میں بیرونی راست سرمایہ کاری سے بھی زیادہ ہے جو ہندوستانیوں نے اپنے ملک روانہ کی ہے ۔ یہ رقومات ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے لیکن اس سے زیادہ ملک کو روانہ کی جانے والی رقومات سے ہندوستانیوں کی اپنے وطن سے محبت ثابت ہوتی ہے جو مادر وطن سے دور رہ کر بھی ملک کی معیشت اور ہم وطنوں کی ترقی کے متعلق فکر کرتے ہیں۔ سابق میں چینی شہری جو دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی آمدنی کا حصہ اپنے ملک روانہ کیا کرتے تھے وہ دنیا بھر میں سرفہرست تھے لیکن 2024 میں 129 بلین ڈالر ہندوستانی شہریوں نے اپنے ملک روانہ کرکے چین کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ ہندوستانی شہریوں نے مختلف ممالک میں خدمات کے ذریعہ نہ صرف اپنی منفرد شناخت بنائی ہے بلکہ محنت اور جستجو کے ذریعہ دنیا کی سرکردہ کمپنیوں میں اونچے عہدے بھی حاصل کئے ہیں جبکہ محنت کش طبقہ جو معمولی ملازمتیں کرکے اپنے اور اپنے خاندان کے اخراجات کی پابجائی کرتا ہے وہ بھی اپنی محنت اور لگن کے ذریعہ ان ممالک میں جہاں وہ خدمات انجام دے رہا ہے منفرد مقام رکھتا ہے۔3