ہندوستانی شہریوں کو ایران اور اسرائیل کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

   

نئی دہلی : ہندوستان نے اپنے شہریوں کو خطے کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں اگلے احکامات تک ایران اور اسرائیل کا سفر کرنے سے منع کر دیا ہے۔میڈیاکے مطابق ہندوستانی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ ایڈوائزری جمعہ کو جاری کی گئی۔یہ ایڈوائزری ایران کی جانب سے رواں ماہ شام میں اس کے سفارت خانے پر اسرائیل کے فضائی حملے کیخلاف جوابی کارروائی کی دھمکیوں کے بعد سامنے آئی ہے۔امریکہ اور روس سمیت کئی ممالک نے خطے میں اپنے عملے اور شہریوں کیلئے اسی طرح کی سفری ایڈوائزری جاری کی ہے۔انڈین وزارت خارجہ نے ان دونوں ممالک میں مقیم اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ ’وہ اپنی حفاظت کے بارے میں انتہائی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور اپنی نقل و حرکت کو محدود کردیں۔‘اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی سے غزہ میں ایران کے حمایت یافتہ حماس کے عسکریت پسندوں اور اسرائیل کے درمیان چھ ماہ سے جاری لڑائی مزید پھیل سکتی ہے۔امریکہ نے خطے کی کشیدہ صورت حال پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور عراق کے وزرائے خارجہ سے تبادلہ خیال کیا ہے۔امریکہ نے ان ممالک سے کہا ہے کہ ’وہ ایران پر زور دیں کہ وہ تنازعہ کی شدت کو کم کرنے کی کوششوں کے تحت اسرائیل کے ساتھ کشیدگی میں کمی کرے۔