ہندوستانی شہری کی حیثیت سے مجھے مہاراشٹرا کی سیاست میں حصہ لینے کا حق: کے سی آر

,

   

عنقریب کسانوں کا طوفان، مجالس مقامی میں بی آر ایس حصہ لے گی،کندھار لوہا میں جلسہ عام سے چیف منسٹر تلنگانہ کا خطاب
حیدرآباد۔/26مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مہاراشٹرا کی سیاست میں سرگرمی سے حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات میں بی آر ایس شدت سے مقابلہ کرے گی۔ کے سی آر نے آج ضلع ناندیڑ کے کندھار لوہا علاقہ میں بی آر ایس کے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ مہاراشٹرا میں بی آر ایس کی یہ دوسری بڑی ریالی اور جلسہ عام تھا۔ پہلا جلسہ ناندیڑ میں منعقد ہوا تھا۔ کے سی آر مہاراشٹرا کی سیاست میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں اور وہاں کے مقامی قائدین نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ جلسہ عام سے خطاب میں کے سی آر نے بی جے پی قائد اور ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کو تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے سوال کیا تھا کہ مہاراشٹرا میں کے سی آر کا کیا کام ہے۔ چیف منسٹر نے فڈنویس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی شہری کی حیثیت سے میں ہر ریاست کو جانے آزاد ہوں، میں ہندوستان کا بیٹا ہوں۔ کے سی آر نے کہا کہ مہاراشٹرا میں اگر تلنگانہ کی طرح ترقیاتی کام دیویندر فڈنویس انجام دیتے تو مجھے آنے کی ضرورت نہیں پڑتی، میں مہاراشٹرا میں تلنگانہ کی طرح ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل کروں گا۔ کے سی آر نے بی جے پی اور کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں پارٹیاں ایک سکہ کے دو رُخ ہیں۔ دونوں نے مہاراشٹرا میں کسانوں و دیگر طبقات کے مسائل کو فراموش کردیا ہے۔ کے سی آر نے اعلان کیا کہ عنقریب مہاراشٹرا سے کسانوں کا طوفان اٹھے گا اور کوئی بھی طاقت اسے روک نہیں پائے گی۔ تلنگانہ میں رعیتو بندھو اور 24 گھنٹے برقی سربراہی کے علاوہ رعیتو بیمہ پر عمل کیا جارہا ہے۔ اب کی بار کسان سرکار نعرہ کے ساتھ ناندیڑ کے کندھار لوہا میں منعقدہ جلسہ عام میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی طرح مہاراشٹرا میں بھی فڈ نویس ترقیاتی کام انجام دیں تو وہ دوبارہ مہاراشٹرا نہیں آئیں گے۔ تلنگانہ کی طرح اسکیمات پر عمل آوری تک میں مہاراشٹرا آتا رہوں گا۔ اس موقع پر این سی پی کے سابق رکن اسمبلی شنکر راؤ دونڈے کے علاوہ دیگر نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ کے سی آر نے کہا کہ مہاراشٹرا میں دلت مختلف مسائل کا شکار ہیں اور وہاں بھی دلت بندھو اسکیم کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ آزادی کے 75 سال بعد بھی ملک میں غریبوں کی حالت میں کوئی سدھار نہیں ہوا۔ کانگریس اور بی جے پی نے علی الترتیب 45 اور 14 سال ملک پر حکمرانی کی لیکن عوامی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ امریکہ، چین سے زیادہ ملک میں اراضی اور قدرتی وسائل ہیں۔ ملک میں 40 ہزار ٹی ایم سی پانی سمندر میں ضائع ہورہا ہے۔ انہوں نے دریاؤں کے پانی کے بہتر استعمال کا مشورہ دیا۔ کے سی آر نے کہا کہ اُتر پردیش اور پنجاب ریاستوں کے قائدین کی باتوں سے عوام کافی دھوکہ کھاچکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بی آر ایس نے ’ اب کی بار کسان سرکار‘ کا نعرہ لگایا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس نے مہاراشٹرا میں بطور پارٹی خود کو رجسٹرڈ کرایا اور مجوزہ مجالس مقامی انتخابات میں بی آر ایس شدت سے مقابلہ کرے گی۔ ہر ضلع پریشد پر گلابی پرچم لہرائیگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مجالس مقامی میں بی آر ایس کو کامیابی دلاکر اپنے مسائل کا حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا کے مختلف علاقوں میں جلسہ کی اپیل کی جارہی ہے۔ر