نئی دہلی : یوکرین میں سیکوریٹی کی بگڑتی ہوئی حالت اور تازہ حملوں کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی سفارتخانہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی شہری جلد از جلد یوکرین چھوڑدیں ۔ ایڈوائزری میں ہندوستانی شہریوں کو یوکرین کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ سفارتخانہ نے یوکرین میں موجود طلباء سمیت ہندوستانی شہریوں کو فوری طو رپر یوکرین چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے ۔ واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرین کے چار علاقوں میں مارشل لاء کا اعلان کیا ہے ۔ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ شدت اختیار کرتی جارہی ہے ۔ روس کی جانب سے یوکرین کے مختلف شہروں کو نشانہ بناتے ہوئے میزائل حملے کئے جارہے ہیں جس کے نتیجہ میں کئی عمارتیں تباہ ہوئی ہیں اور ہلاکتوں کا بھی اندیشہ ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ 8 ماہ سے جنگ جاری ہے ۔ اقوام متحدہ کے بشمول مختلف ممالک کی جانب سے جنگ بندی کیلئے ثالثی کی پیشکش کی گئی ہے تاہم اس ضمن میں تاحال کوئی خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے ۔