ہندوستانی فوج ملک کا طاقتور ستون : ڈاکٹر سوندرا راجن

   


ملٹری کالج آف انجینئرنگ کا کانوکیشن، ڈگری حاصل کرنے والے 36 آفیسرس کو اسنادات کی پیشکشی
حیدرآباد ۔15 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ملیٹری کالج آف الیکٹرانکس اینڈ میکانیکل انجینئرنگ کے 102 ویں کانوکیشن میں شرکت کی اور کامیاب امیدواروںکو انجینئرنگ کی ڈگری حوالے کی۔ گورنر نے ڈگری انجنیئرنگ کورس اور ٹیکنیکل انٹری کورس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے 36 فوجی عہدیداروں کو ڈگری اور سپاسنامہ حوالے کیا۔ لیفٹننٹ جنرل جے ایس سدانا کمانڈنٹ ملٹری کالج آف انجنیئرنگ اور کرنل کمانڈنٹ ای ایم ای نے گریجویٹ آفیسرس کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے اپنی محنت کے ذریعہ شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ نئی ٹکنالوجیز اور چیلنجس سے خود کو ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں تاکہ صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جاسکے۔ انہوں نے فیکلٹی اسٹاف اور طلبہ کو بہتر انداز میں ٹریننگ پروگرام منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔ گورنر نے کانوکیشن خطاب میں ملٹری کالج آف انجینئرنگ کے بہتر معیار کی ستائش کی ۔ گورنر نے کہا کہ ہندوستانی فوج ملک کا ایک انتہائی مضبوط ستون ہے اور سماج کا ہر فرد فوج کو احترام کی نظر سے دیکھتا ہے ۔ گورنر نے ڈگری حاصل کرنے والے عہدیداروں سے نیک تمنائیں وابستہ کیں اور کہا کہ جو معلومات حاصل ہوئی ہیں، اس کا استعمال ریسرچ میں کیا جائے۔ کیپٹن بشال پال اور لیفٹننٹ کے وی کارتک کو بیسٹ آل راؤنڈ اسٹوڈنٹس آفیسر کا ایوارڈ پیش کیا گیا، انہیں گورنر نے ٹرافی پیش کی ۔ کیپٹن انمول شرما اور لیفٹننٹ میور وی پاٹل کو دو علحدہ ڈگری کورسس میں بہترین مظاہرہ پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ملٹری کالج آف انجنیئرنگ کے عہدیداروں نے مختلف شعبہ جات میں اپنی تحقیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ ر