50 ہزار کروڑ سے زائد جرمانہ وصول کئے جانے کا امکان
ابوظہبی 12 نومبر ( ایجنسیز ) ہندوستانی نژاد تاجر بی آر شیٹی بانی این ایم سی ہیلت اور کمپنی کے سابق چیف ایگزیکیٹیو پرشانت منگھت کو جانتے بوجھتے ایک دھوکہ دہی میںحصہ لینے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں متحدہ عرب امارات کی سابق سب سے بڑے خانگی ہیلت کئیر گروپ کا زوال ہوگیا تھا ۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بات بتائی گئی ۔ ابو ظہبی گلوبل مارکٹ عدالت نے اس سلسلہ میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ دونوں افراد نے بددیانتی کے ساتھ اپریل 2012 سے 2020 کے درمیان غلط اور جعلی تجارت میں حصہ لیا تھا ۔ جسٹس سر اینڈریو اسمتھ نے یہ فیصلہ سناتے ہوئے 5.397 بلین ڈالرس ( پچاس ہزار کروڑ روپئے ) کے نقصانات کا تخمینہ کیا اور کہا کہ ان دونوں نے دھوکہ دہی میں ملوث کمپنیوں کے ذریعہ یہ رقومات کمائی تھیں۔ یہ رقم بھی قطعی نہیں ہے اور عدالت کی جانب سے ہر فرد سے وصول کی جانے والی رقم کا تعین مزید سماعتوں کے بعد کیا جائے گا ۔