بنگلورو۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کورونا وبا کی وجہ سے تقریبا ایک سال کے طویل وقفے کے بعد ایک بین الاقوامی میچ کے لئے تیار ہے ۔ ٹیم فروری اور مارچ میں یورپ کے17 روزہ دورے پر جائے گی اور گول کیپر پی آر شری جیش کی کپتانی میں جرمنی اور برطانیہ کے ساتھ دو۔دو میچ کھیلے گی۔ اس دورے میں ہرمنپریت سنگھ نائب کپتان ہوں گے 22 رکنی ٹیم21 فروری کو بنگلور سے جرمنی کے شہر کریفیلڈ روانہ ہوگی ۔28 فروری اور2 مارچ کو جرمنی کے ساتھ میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد یہ ٹیم بیلجیم کے انٹورپ کا سفر کرے گی جہاں وہ6 اور8 مارچ کو برطانیہ سے مقابلہ کرے گی۔ ہندوستانی ٹیم نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ فروری2020 میں کھیلا تھا جب وہ بھونیشور میں ایف آئی ایچ (انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن) ہاکی پرو لیگ کے میچوں کے دوران آسٹریلیا کے ساتھ مقابلہ کیا تھا ، ان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم ایف آئی ایچ ورلڈ رینکنگ میں چوتھے نمبر پرآگئی تھی، جو آج تک ہندوستان کی بہترین درجہ بندی ہے ۔ ہاکی انڈیا اور میزبان نیشنل ہاکی اسوسی ایشن نے ٹیموں کی تربیت اور مسابقت کی جگہ پر جرمنی اور بیلجیم دونوں میں بایو ببل ماحول بنانے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کے لئے ہوٹل میں کھانے ، ملاقاتوں اور سیشنوں کے لئے الگ کمرے اور ہال مہیا کیے گئے ہیں۔ اسی طرح بس میں بیٹھنے کا بھی ایسا ہی انتظام کیا جائے گا۔ ٹیم ارکان کو ہوٹل اور بس میں سفرکے دوران بایو ببل سے باہر جانے اور کسی شخص سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گراہم ریڈ نے مقابلے میں حصہ لینے کے لئے اپنی ٹیم کی بے تابی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یورپ جانے کا موقع ملا ہے اس لئے ہم بہت مشکور ہیں۔”ہم 12 مہینوں میں اپنے پہلے مسابقتی میچ کے منتظر ہیں۔ جرمنی اور برطانیہ جیسی طاقتور ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہمیں زیادہ مسابقتی بنائے گا اور ہمارے ایف آئی ایچ (انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن) ہاکی پرو لیگ اور اولمپک کھیلوں کی تیاری میں کافی مدد ملے گی۔ کسی بھی اعلی10 درجے کی ٹیم کے ساتھ کھیلنا ہمیشہ ایک عمدہ تجربہ ہوتا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:گول کیپرز: پی آر شریجیش (کپتان) ، کرشن بہادر پاٹھک،ڈیفینڈر: امیت روہی داس ، ڈپسن ٹرکی ، گریندر سنگھ ، ہرمنپریت سنگھ (نائب کپتان) ، سریندر کمار ، جرمن پریت سنگھ ، بیرندر لاکڑا،مڈ فیلڈرز: چنگلینسانہ سنگھ ، نیل کانت شرما ، ہاردک سنگھ ، ویووک ساگر پرساد ، راجکمار پال ، سمرن جیت سنگھ ، شمشیر سنگھ ، آکاش دیپ سنگھ،فارورڈ: گورنجت سنگھ ، رمن دیپ سنگھ ، دلپریت سنگھ ، مندیپ سنگھ ، للت کمار اپادھائے ۔