ہندوستان آج جھولن کو شاندار وداع کرنے کا خواہاں

   


کینٹربری۔ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز جیتنے کے بعد، ان کی ٹیم اب تجربہ کار فاسٹ بولر جھولن گوسوامی کو لارڈز میں تیسرے ونڈے میں شاندار وداع دینے کے لیے تیار ہے۔39 سالہ جھولن گوسوامی موجودہ دورہ انگلینڈ کے بعد اپنے دو دہائیوں کے کیریئر سے سبکدوش ہوجائیں گی اور ہرمن پریت کو لگتا ہے کہ سیریز میں کلین سویپ ان کے لیے شاندار وداع ہوگا۔ ہندوستان نے دوسرے ونڈے میں انگلینڈ کو 88 رنز سے شکست دے کر 23 سال بعد اس کی سرزمین پر ونڈے سیریز جیت لی۔ ہرمن پریت نے میچ کے بعد کہا لارڈس میں آخری میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس کے بعد جھولن سبکدوش ہو جائیں گی اور ہم بغیرکسی دباؤ کے اس میچ سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ ہم آج جیت درج کرنے میں کامیاب ہوئے اور اب ہم اس میچ کا بھرپور لطف اٹھا سکتے ہیں۔ ہندوستان نے آخری بار انگلینڈ میں 1999 میں ونڈے سیریز جیتی تھی جب انجم چوپڑا ٹیم کی کپتان تھی ۔ ہرمن پریت نے کہا کہ جیت درج کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ یہ ان کا (جھولن) آخری میچ ہوگا۔ یہ ہم سب کے لیے بہت جذباتی لمحہ ہوگا اور ہم یقینی طور پر اس میچ کو جیتنا چاہیں گے، یہ اس کا آخری میچ ہے۔وہ ایک کھلاڑی ہے جس نے ہمیں بہت کچھ سکھایا ہے۔ جب میں نے ڈیبیو کیا تو وہ کپتان تھیں اور میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب ہمارے نوجوان بولر رینوکا سنگھ اور میگھنا سنگھ بھی ان سے سیکھ رہے ہیں۔ وہ ہم سب کے لیے ایک تحریک رہی ہیں اور ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ہرمن پریت نے 111 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 143 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن کہا کہ ہر کھلاڑی نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔