نئی دہلی؍ چینائی: ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ہفتہ سے تمل ناڈو کے ناگپٹنم سے سری لنکا کے شمالی صوبے جافنا کے قریب کانکیسنتھورائی تک مسافر فیری سروس کاآغاز ہوگیا ہے ۔ وزیر اعظم نے قومی راجدھانی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس سروس کا آغاز کیا۔ یہ فیری تمل ناڈو کی ناگپٹنم بندرگاہ سے کانکیسنتھورائی کے لیے روانہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور سری لنکا کی ثقافت، تجارت اور تہذیب کی گہری تاریخ ہے اور اب دونوں کے درمیان اقتصادی شراکت داری میں بھی اضافہ ہوگا۔ ناگاپٹنم اور کانکے سنتھورائی کے درمیان فیری سروس شروع کر دی گئی ہے ۔ مودی نے کہا، ‘‘اس اہم موقع پر آپ کے ساتھ شامل ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ ہم ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں۔ تمل ناڈو کے ناگپٹنم اور سری لنکا میں کانکے سنتھورائی کے درمیان فیری سروس شروع کی جا رہی ہے جوہمارے تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔وزیر اعظم مودی اور سری لنکا کے صدر رانل وکرما سنگھے نے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔