دہلی واقعہ کے بعد حکام مسافرین کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مصروف، 200 سی سی ٹی کیمرے
نئی دہلی: نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہوئی المناک بھگدڑ جس میں 18 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے، اس کے بعد ریلوے وزارت نے ملک بھر میں ہجوم کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے ایک جامع منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ ایک خصوصی چھ ماہ کی مہم کے تحت دہلی کے ریلوے اسٹیشنز میں نمایاں بہتری لائی جائے گی تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور ان کی نقل و حرکت کو مزید منظم کیا جا سکے۔ پیر کے روز وزارت نے کئی ایسے اقدامات متعارف کروائے جو زیادہ بھیڑکو روکنے اور مسافروں کے بہاؤ کو ہموار بنانے میں مدد دیں گے۔ وزارت کے مطابق ساٹھ زیادہ ہجوم والے ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کو مؤثر طریقے سے قابو میں رکھنے کے لیے مخصوص ہولڈنگ ایریاز بنائے جائیں گے۔ ٹرینوں کی تاخیر کے دوران مسافروں کے ہجوم کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ سسٹمزمتعارف کرائے جائیں گے۔ مقامی ریلوے حکام کو صورتحال سے آگاہی اور بحران کے انتظام کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔ پریاگ راج سے تعلق رکھنے والے 35 اہم ریلوے اسٹیشنز کو سینٹرل ریلوے وار روم کی مسلسل نگرانی میں رکھا جائے گا۔ صرف نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہی 200 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ سیکیورٹی اور نگرانی کو بہتر بنایا جا سکے۔ ماونی اماوسیا کے موقع پر ایک ہی ریلوے اسٹیشن پر17 لاکھ مسافروں کی آمد کے پیش نظر، ہجوم کے بہتر انتظام کے لیے حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ مسافروں کی منظم نقل و حرکت کے لیے ہولڈنگ ایریاز اور رنگین زون بنائے گئے ہیں، جب کہ نشانات اور جدا کرنے والی رکاوٹیں مسافروں کو مخصوص ہولڈنگ ایریاز تک پہنچانے میں مدد دیں گی۔ وزات ریلوے کے مطابق گزشتہ دو سالوں میں21 انڈر پاس تعمیر کیے گئے ہیں تاکہ پیدل چلنے والے مسافروں کی نقل و حرکت کو آسان بنایا جا سکے۔ چونکہ 90 فیصد کمبھ یاتری چار ریاستوں کے 300 کلومیٹر دائرے سے آتے ہیں، اس لیے متعلقہ ریلوے اسٹیشنز پر مخصوص نگرانی کی جائے گی۔ نئے اقدامات کے مطابق، سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال ہجوم کو کم کرنے اور سیڑھیوں اور لینڈنگ ایریاز پر غیر مجاز بیٹھنے کو روکنے کے لیے کیا جائے گا۔ یہ پیشگی اقدامات ریلوے کی مسافروں کی حفاظت اور ہجوم کے مؤثر انتظام کے لیے عزم کو ظاہرکرتے ہیں، تاکہ ملک کے مصروف ریلوے مراکزکو محفوظ اور منظم رکھا جا سکے۔ اس سے قبل دہلی پولیس نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہجوم کے انتظام کو بہتر بنانے کے لیے چھ انسپکٹر رینک کے افسران تعینات کیے۔ یہ افسران مختلف اضلاع سے منتخب کیے گئے اور انہیں خاص طور پر نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے آپریشنز سنبھالنے کا تجربہ حاصل ہے، جو ملک کے مصروف ترین ٹرانزٹ مراکز میں سے ایک ہے۔