ہندوستان دھرم شالہ نہیں ‘ این آر سی کی مدافعت : شاہنواز

   

مدھے پور ہ 20 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آسام میں این آر سی کی اشاعت کی مدافعت کرتے ہوئے سینئر بی جے پی لیڈر شاہنواز حسین نے آج کہا کہ ہندوستان کوئی دھرم شالہ نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے ملک بھر میں این آر سی نافذ کرنے کی وکالت کی ہے ۔ شاہنواز حسین نے جو بی جے پی کے ترجمان و سابق وزیر ہیں یہ ریمارک ایک پریس کانفرنس میں کیا جہاں انہوں نے یہ واضح کردیا کہ دنیا کے ہر ملک کے شہریوں کو ہندوستان آنے کی اجازت ہوگی بشرطیکہ وہ کارکرد پاسپورٹ اور ویزا کے ساتھ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئی دھرم شالہ نہیں چلا رہے ہیں جہاں کوئی بھی آئے اور جب تک اپنی مرضی ہے مقیم رہے ۔ یہاں دنیا کے ہر ملک کے لوگ آسکتے ہیں لیکن انہیں پاسپورٹ اور ویزا کے ساتھ آنا ہوگا ۔ واضح رہے کہ بی جے پی بھی مسلسل مطالبہ کر رہی ہے کہ آسام کے بعد اب سارے ملک میں این آر سی لاگو کیا جانا چاہئے تاکہ غیر مقیم تارکین وطن کو نکال باہر کیا جاسکے۔