ہندوستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ

   

گزشتہ سال پچیس لاکھ سے زائد گاڑیوں کا رجسٹریشن، آلودگی پر قابو پانے کی مساعی
حیدرآباد، 18 نومبر (سیاست نیوز): فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے عالمی سطح پر الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ دیگر ممالک کی طرح ہندوستان میں بھی الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ عوام کی جانب سے الیکٹرک سے چلنے والی ٹو وہیلرز، تھری وہیلرز اور فور وہیلرز گاڑیوں کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 5 برسوں کے دوران ہندوستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے رجسٹریشن میں تیزی سے اضافہ درج کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے فضائی آلودگی پر باآسانی قابو پایا جا سکتا ہے۔ گزشتہ 5 برسوں کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کے رجسٹریشن سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے گئے۔ 2021-22 میں الیکٹرک گاڑیوں کا رجسٹریشن 4.74 لاکھ ریکارڈ کیا گیا تھا، جو 2022-23 میں بڑھ کر 12.20 لاکھ تک پہنچ گیا۔ 2023-24 میں 17 لاکھ 40 ہزار گاڑیوں کا رجسٹریشن ہوا، جبکہ 2024-25 میں 20 لاکھ 30 ہزار گاڑیوں کا رجسٹریشن ہوا۔ گاڑیوں کے رجسٹریشن کے رجحان میں اضافہ 2022 میں بھی دیکھا گیا اور اس سال پچیس لاکھ چالیس ہزار گاڑیوں کا رجسٹریشن ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کے رجسٹریشن میں ٹو وہیلرز، تھری وہیلرز اور کاریں بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ کمرشل گاڑیوں کو بھی الیکٹرک میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ کئی کمپنیوں نے الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری پر توجہ مرکوز کی ہے۔ پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کے مقابلے الیکٹرک گاڑیوں کو بہتر اور محفوظ تصور کیا جا رہا ہے۔1