ہندوستان میں امن و امان اور خوشحالی کیلئے عازمین حج خصوصی دعا کریں

   

سابق وزیر محمد علی شبیر کی اپیل ، حج ہاؤز سے تیسرے قافلہ کو وداع کیا
حیدرآباد۔23۔ جون (سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ ملک میں امن و امان ، خوشحالی اور خاص طور پر تلنگانہ ریاست کی ترقی اور عوام کی بھلائی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔ محمد علی شبیر نے حج ہاؤز نامپلی پہنچ کر عازمین حج کے تیسرے قافلہ کو وداع کیا۔ انہوں نے قافلہ میں موجود نظام آباد اور کاما ریڈی اضلاع کے عازمین سے ملاقات کی اور حج کیمپ انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ایام حج بلکہ سعودی عرب میں قیام کے دوران عازمین کو صحت کا خاص طور پر خیال رکھنا چاہئے ۔ غذا کے استعمال میں احتیاط کریں تاکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عبادتوں میں کوئی خلل نہ ہو۔ محمد علی شبیر کے ہمراہ کانگریس کے اقلیتی قائدین سمیر ولی اللہ ، سید نظام الدین ، انیل کمار یادو ، سید واجد حسین ، مقصود احمد ، ایس کے افضل الدین متین شریف ، عثمان محمد خاں، جاوید صدیقی اور دوسرے موجود تھے۔ عازمین سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ عازمین حج خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰٰ نے اپنے گھر اور اپنے حبیب پاک کے در کی حاضری نصیب کی ہے۔ لاکھوں افراد حج کا ارادہ کرتے ہیں لیکن ہر کسی کو یہ سعادت نصیب نہیں ہوتی۔ انہوں نے عازمین سے اپیل کی کہ کعبۃ اللہ پر پہلی نظر پڑتے ہی خصوصی دعائیں کریں کیونکہ یہ دعا رد نہیں ہوتی۔ گزشتہ دو برسوں سے کووڈ کے سبب حج کی اجازت نہیں تھی، اس مرتبہ کم تعداد میں کوٹہ الاٹ کیا گیا ۔ محمد علی شبیر نے عازمین کو مشورہ دیا کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران موبائیل فون کا کم سے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ فرقہ وارانہ منافرت اور تشدد کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے عازمین سے اپیل کی کہ وہ ملک میں امن، بھائی چارہ اور عوام کی بھلائی و ترقی کیلئے خصوصی دعا کریں۔ر