ہندوستان میں تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دینا وقت کا تقاضہ

,

   

عالمی سطح پر انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ملک کی صلاحیتوں اجاگر کرنے وزیراعظم مودی کا زور

بنگلورو: وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان میں ٹیکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دینا وقت کا تقاضہ ہے۔ ساری دنیا کیلئے ہندوستان کی ٹیکنیکی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہندوستان انفارمیشن کے دور میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے آئی ٹی صنعت پر زور دیا کہ وہ پیداواری سطح پر اختراعی کوششوں کو فروغ دیں۔ بنگلورو میں منعقدہ ٹیک چوٹی کانفرنس 2020ء سے ورچول خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ ان کی حکومت کے پالیسی فیصلے ہمیشہ ٹیکنالوجی اور اختراعی صنعت کو فروغ دینے کیلئے ہوتے ہیں۔ حال ہی میں حکومت نے مختلف طریقوں سے آئی ٹی صنعت پر پڑنے والے مسابقتی بوجھ کو آسان کیا ہے۔ انہوں نے آئی ٹی صنعت سے وابستہ افراد سے کہا کہ آپ تمام اس صنعت کے روح رواں ہیں۔ ہمیں پیداواری سطح پر اختراعی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی کوشش کرنی چاہئے۔ مرکزی وزیر آئی ٹی اور مواصلات روی شنکر پرشاد نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی۔ حکومت کرناٹک نے دیگر ٹیکنالوجی شعبوں کے تعاون سے اس کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا تھا۔ زائد از 25 ممالک اس 23 ویں کانفرنس میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ دفاعی شعبہ میں ٹیکنالوجی نے اہم رول ادا کیا ہے۔ سافٹ ویر سے لیکر ڈرونس اور یو اے وائی ٹیکنالوجی نے دفاعی شعبہ کو مزید طاقتور بنادیا۔ انہوں نے ڈیٹا کے تحفظ کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال میں تیزی سے اضافہ کے ساتھ ساتھ سائبر سیکوریٹی کو بھی نہایت ہی اہم قرار دیا۔ آج ہماری ٹیکنیکی صنعت میں لاکھوں افراد خدمات انجام دے رہے ہیں۔