ہندوستان میں رجسٹرڈ 5050 غیر ملکی کمپنیوں میں سے 66 فیصد فعال :سرکاری اعداد و شمار

   

نئی دہلی: ملک میں رجسٹرڈ 5050 غیر ملکی کمپنیوں میں سے تقریباً 66 فیصد یعنی 3335 کمپنیاں فعال ہیں۔ یہ اطلاع کارپوریٹ امور کی وزارت نے جاری کی ہے ۔کمپنیز ایکٹ کے مطابق، غیر ملکی کمپنی کوئی بھی کمپنی یا ادارہ ہے جو بیرون ملک سے متعلق ہے اور اس کا ہندوستان میں کاروبار ہے یا ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں شامل ہے۔ ایکٹ کے سیکشن 380(1) کے مطابق، ہر غیر ملکی کمپنی کو ہندوستان میں اپنا کاروبار قائم کرنے کے 30 دنوں کے اندر اندراج کے لیے ضروری دستاویزات رجسٹرار کو بھیجنے ہوتے ہیں ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں سب سے زیادہ غیر ملکی کمپنیاں ہیں۔ یہاں رجسٹرڈ 1957 کمپنیوں میں سے 1444 فعال کمپنیاں ہیں۔ اس کے بعد 1346 غیر ملکی کمپنیوں میں سے 815 کمپنیاں مہاراشٹر میں سرگرم ہیں۔ کرناٹک میں 462 غیر ملکی کمپنیوں میں سے 252 رجسٹرڈ ہیں اور 450 غیر ملکی کمپنیوں میں سے 248 ہریانہ میں کام کر رہی ہیں۔