ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات تک ہندو پاک تعلقات کشیدہ رہیںگے :عمران خان

,

   

اسلام آباد ۔ 26مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں جب تک عام انتخابات کا انعقاد مکمل نہیں ہوجاتا اس وقت تک ہند و پاک کے درمیان کشیدگی برقرار رہے گی ۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 14 فبروری کو کشمیر کے پلوامہ ڈسٹرکٹ میں کئے گئے دہشت گرد حملوں میں سی آر پی ایف کے زائد از 40 جوان شہیدہوگئے تھے جس کی ذمہ داری پاکستان کی دہشت گرد تنیم جیش محمد نے لی تھی جسکے بعد ہندوستانی فضائیہ نے بھی پاکستان پر فضائی حملے کئے تھے لیکن فضائیہ کے ایک ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ عمران خان نے ابھینندن کو دونوں ممالک کے درمیان قیام امن کی علامت کے طور پر فوری رہا کردیا تھا ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پر جنگ کے بادل اب بھی منڈلا رہے ہیں کیونکہ ان کی ( عمران) دانست میں ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات سے قبل ملک کے وزیراعظم نریندر مودی کسی بھی نوعیت کی فوجی کارروائی کرسکتے ہیں ۔ لہذا مجھے یہ کہنا پڑتاہے کہ خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے ۔ انگریزی اخبار ’’ ڈان ‘‘ نے بھی عمران خان کے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے پاکستان پوری طرح تیار ہے ۔