عالمی ادارہ صحت کی نئی رپورٹ میں انکشاف‘ ہندوستان کا شدیداعتراض
جینوا : عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے نئے اعدادو شمار جاری کردیے۔ عالمی ادارہ صحت کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نتیجے میں اندراج کردہ اموات سے 3 گنا زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔اقوام متحدہ کے ادارے نے جمعرات کو کہا کہ 2021 کے آخر تک کورونا سے ایک کروڑ 49 لاکھ سے زائد اموات ہوئیں جبکہ جنوری 2020 سے دسمبر 2021 کے آخر تک اس عرصے میں کورونا سے ڈبلیو ایچ او کو رپورٹ کی جانے والی اموات کی سرکاری تعداد تقریباً 54 لاکھ تھی۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ کچھ ممالک میں اموات کا صحیح طریقے سے اندراج نہیں کیا گیا۔ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک جن اموات کو شمار نہیں کیا گیا ان میں سے تقریباً نصف ہندوستان میں تھیں۔عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ وبائی امراض کے نتیجے میں ہندوستان میں 47 لاکھ افراد کی موت ہوئی۔رپورٹ کے مطابق اموات کے اصل اعداد و شمار ہندوستان کی حکومت کے بتائے ہوئے اعداد و شمار سے دس گنا زائد ہے۔دوسری جانب ہندوستانی حکومت نے کورونا سے اموات پر دیے گئے ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار مسترد کردیے۔ ہندوستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کووڈ 19 سے اموات پونے پانچ لاکھ ہوئی ہیں۔دوسری طرف ہندوستان نے ڈبلیو ایچ او کی نئی رپورٹ پر شدید اعتراض کرتے ہوئے اعداد وشمار کے طریقہ کار پر سوالیہ نشان لگائے ہیں ۔ذرائع کے مطابق ہندوستان اس مسئلہ کو ورلڈ ہیلت اسمبلی اور دیگر ہمہ رخی فورمس میں بھی اس مسئلہ کو پیش کرئے گا۔ہندوستان کا کہنا ہے کہ ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں سے داخل کردہ رپورٹس کی بنیاد پر رجسٹرار جنرل آف انڈیا (آر جی آئی) کی جانب سے سالانہ قومی رپورٹس شائع کی جاتی ہیں ۔