دبئی ۔ ہندوستان میں کورونا کے معاملات کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ کے بعد آئی سی سی کو بھی فکر لاحق ہوگئی۔رواں سال اکتوبر نومبر میں مجوزہ ٹی 20 ورلڈکپ کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے حکام میں تشویش بڑھنے لگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے اگلے چند دنوں میں وفد ہندوستان بھجوانا ہے تاکہ میچز کے مجوزہ مقامات سمیت دوسرے اہم بنیادی امورکا جائزہ لیاجائے۔آئی سی سی کے لئے سب سے بڑا چیلنج ٹیموں، براڈکاسٹرز اور دوسرے ضروری عملہ کی صحت کو یقینی بنانا ہے۔ ہندوستان کا دورہ کرنے والا وفد اپنی رپورٹ تیار کرکے ارکان ممالک کو تفصیلات فراہم کرے گا جس کی روشنی میں اگلے لائحہ عمل طے کیے جائیں گے۔واضح رہے ہندوستان میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کی تعداد میں کورونا معاملات میں اضافہ ہورہا ہے جب کہ ملک کی نامور سیاسی وسماجی شخصیات بھی کورونا سے متاثر ہوچکی ہیں۔