نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا وائرس (کوویڈ۔19) کے متاثرین کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 577 ہوگئی ہے۔ ہفتہ کے دن ہی 18ہزار مثبت کیسس سامنے آئے ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچنے کیلئے 110 دن لگے تھے لیکن صرف 39دنوں میں ہی یہ تعداد پانچ لاکھ سے زائد ہوگئی۔ ریاست تلنگانہ میں ہفتہ کے 1087 مثبت کیسس سامنے آئے ہیں۔ تلنگانہ ریاست میں تاحال 13,400 سے زائد مثبت کیسس ہوئے ہیں۔ ملک میں دن بہ دن حالات انتہائی ابتر ہوتے جارہے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں تاجرین رضاکارانہ طو ر پر چند دنوں کیلئے دکانا ت بند کردئے ہیں۔
کرناٹک حکومت نے 15جولائی سے ہر اتوار کو ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ روزانہ رات 8 بجے تا صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ کردی گئی ہے۔ چیف منسٹر کرناٹک یدی یورپا نے ریاستی وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر ہفتہ سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔ ہجوم کو روکنے کیلئے ترکاری کی مارکٹوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ ریاست کے تمام میڈیکل کالجس اور خانگی اسپتالوں میں 50فیصد بستر کوویڈ۔19 کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔