ہندوستان میں کوویڈ ویکسین 75 کروڑ سے آگے

   

ڈبلیو ایچ او نے ٹیکہ اندازی مہم میں تیزی کی تعریف کی

نئی دہلی : ہندوستان میں 75 کروڑ کوویڈ۔19 ویکسین ڈوز دینے کے نشانے کو عبور کرلیاہے۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منداویا نے پیر کو بتایا کہ آج شام 7 بجے تک مزید 71 لاکھ کوویڈ ٹیکے دیئے گئے۔ Co-WIN پورٹل پر دستیاب عبوری ڈیٹا کے مطابق زائد از 57 کروڑ افراد کو پہلا ڈوز دیا جاچکا ہے اور 18 کروڑ سے زیادہ شہری دوسرا ڈوز بھی لے چکے ہیں۔ تاہم ملک میں جنوری سے ٹیکہ اندازی کی شروعات کے بعد سے حالیہ ہفتوں میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے ۔ اس کے سبب جملہ تعداد 75 کروڑ تک پہنچ سکی ۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے ہندوستان میں کوویڈ۔19 ٹیکہ اندازی مہم کی رفتار کو بے مثال قرار دیتے ہوئے 75کروڑ کے نشانے کو عبور کرنے پر مبارکباددی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی علاقائی ڈائرکٹر جنوب مشرقی ایشیا ڈاکٹر پونم کھیترپال سنگھ نے پیر کو ایک بیان میں کہاکہ انڈیا میں پہلے دس کروڑ ٹیکے لگانے میں 85دن لگے تھے لیکن ملک نے 65کروڑ سے 75کروڑ کا نشانہ حاصل کرنے میں محض 13دن لگائے ہیں۔ڈاکٹر پونم نے کہاکہ ڈبلیو ایچ او کوویڈ ٹیکہ اندازی مہم کو بے مثال رفتار دینے کیلئے ہندوستان کو مبارکباد دیتا ہے۔ کوویڈ کی صورتحال پر پیر کو حکومت نے کہاکہ ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 27,254 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور ان میں فعال معاملات کل کیسز کے 1.13 فیصد ہے۔ ملک میں فعال معاملات 3,74,269 ہیں اور مریضوں کے ٹھیک ہونے کی شرح اس وقت 97.54 فیصد ہے۔ 37,687 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 3,24,47,032 ہوگئی ہے۔ ہفتہ وار پازیٹیویٹی شرح 2.11فیصد ہے جو گزشتہ 80 دنوں میں تین فیصد سے کم پر ہے۔ یومیہ پازیٹیویٹی کی شرح 2.26فیصد ہے یہ گزشتہ 14دنوں سے تین فیصد سے کم پر ہے۔ اور اب تک کل ملاکر 54.30کروڑ ٹسٹ کئے گئے ہیں۔