نِشِن، 22 ستمبر (آئی اے این ایس) ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے یہاں کوروگی اسپورٹس پارک میں سری لنکا کو فائنل میں 147 رنز سے شکست دے کر ایشین گیمز میں اپنا گولڈ میڈل برقرار رکھا۔ ہندوستان کے بیٹرس اوربولروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اسمرتی مندھانا کی 79 رنز کی اننگز کی بدولت ہندوستان نے فائنل میں ریکارڈ 216/3 کا اسکور بنایا، جبکہ دیپتی شرما، شفالی ورما، شری یانکا پاٹل اور سری چرنانی نے مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے سری لنکا کو صرف 69 رنز پر آؤٹ کردیا۔ یہ جاری ایشین گیمز میں ہندوستان کا پہلا گولڈ میڈل اور مجموعی طور پر ساتواں میڈل ہے۔ ہندوستانی خواتین نے گزشتہ ایڈیشن میں بھی گولڈ میڈل جیتا تھا اور اس بار بھی اسی ٹیم سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کرکے اپنا خطاب برقرار رکھا۔ہندوستان نے خواتین کے ایشین گیمز کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنانے کے ساتھ خواتین کے ٹی20 ایونٹ کے فائنل میں بھی سب سے زیادہ مجموعہ بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔اسمرتی مندھانا نے45 گیندوں پر 79 رنز کی شاندار اننگزکھیلی، جس میں 7 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ اس اننگز کے دوران وہ خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ میں 11,000 رنز مکمل کرنے والی پہلی کھلاڑی بھی بن گئیں۔ شفالی ورما نے بنگلہ دیش کے خلاف سیمی فائنل میں اپنی پہلی وائٹ بال سنچری کے بعد ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 29 گیندوں پر 48 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ رِچا گھوش نے آخری مرحلے میں تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر ناقابل شکست 49 رنز بنائے، جبکہ بھارتی فلمالی نے بھی7 رنزکا اضافہ کیا۔ ہندوستانی خواتین نے ایشین گیمز میں سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ توڑ دیا، جو اس سے قبل ہانگ کانگ کی خواتین کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 کے ہانگ ژوگیمز میں منگولیا کے خلاف 202/4 رنز بنائے تھے۔ یہ خواتین کے ٹی20 فائنل کا بھی سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل برازیل کی خواتین نے رواں سال جولائی میں اسپین کے خلاف کھیلے گئے چار ملکی سیریز کے فائنل میں 210 رنز بنائے تھے۔ہندوستانی بولروں نے بھی شاندارکارکردگی دکھائی۔ دیپتی شرما 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولرس رہیں، جبکہ شفالی ورما اور سری چرنانی نے بھی فی کس2 وکٹیں حاصل کیں اور سری لنکا کی پوری ٹیم کو 69 رنز پر آؤٹ کردیا۔شفالی نے امیشا دولانی اور ہاسینی پریراکو آؤٹ کرکے سری لنکا کی مشکلات کا آغازکیا، جس کے بعد دیپتی شرما نے ذمہ داری سنبھالی۔ ہندوستانی آل راؤنڈر نے سری لنکا کی کپتان چماری اتھاپتھو کو ایک بار پھر اپنا شکار بنایا۔ اتھاپتھو21 گیندوں پر 29 رنز بنانے کے بعد لانگ آف پرکیچ ہوگئیں، جس سے سری لنکا کی ہدف کے تعاقب کی امیدیں تقریباً ختم ہوگئیں۔