ایڈیلیڈ ۔ ویراٹ کوہلی کی زیر قیادت ہندوستانی ٹیم جمعرات کو گلابی گیند سے کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ میں میزبان آسٹریلیا کو شکست دے کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹسٹ میچوں پر مشتمل سیریزکا پہلا میچ جمعرات سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ پہلا میچ ڈے نائٹ ہے اور یہ گلابی گیند سے کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین ونڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلی جاچکی ہے ۔ ونڈے سیریز کوآسٹریلیا نے2-1 سے جیت لی تھی جبکہ ٹی20 سیریز ہندوستان نے2-1 سے جیتا تھا۔ ہندوستان اورآسٹریلیا کی ٹیمیں ٹسٹ میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے اتریں گی۔آسٹریلیائی آٹھویں مرتبہ گلابیگیند سے کھیلنے اترے گی جبکہ گلابی گیند کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کا یہ دوسرا میچ ہے ۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے گزشتہ برس بنگلہ دیش کے خلاف گلابی گیند سے ٹسٹ کھیلا تھا۔ تاہم غیر ملکی سرزمین پر گلابی گیند کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کا یہ پہلا میچ ہے ۔ہندوستان نے آخری مرتبہ 2018-19 میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا اور چار ٹسٹ میچوں کی سیریز2-1 سے جیت لی تھی۔گذشتہ آسٹریلیائی ٹور میں ہندوستانی ٹیم نے ایڈیلیڈ میں جیت حاصل کی تھی اور میزبان ٹیم کو31 رنز سے شکست دی تھی ۔ ہندوستانی ٹیم اس ریکارڈ کو برقرار رکھنا چاہے گی اور کامیابی کے ساتھ سیریزکا آغاز کرنے کے لئے کوشاں ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم کے حوصلے پچھلے اعدادوشمار کے پیش نظر بڑھیں گے لیکن گزشتہ مرتبہ آسٹریلیائی ٹیم میں اوپنر ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ موجود نہیں تھے جو اسمرتبہ ٹیم کا حصہ ہیں اور وہ ہندوستان کے لئے پریشانی کا سبب بن سکتے ہیں۔دریں اثناء وارنر زخمی ہونے کے سبب پہلے ٹسٹ سے باہر ہیں جو ہندوستان کے لئے راحت کی بات ہوگی ہے ۔ وارنر نے پہلے دو ونڈے میچوں میں زبردست بیٹنگ کی تھی اور ہندوستانی ٹیم کے بولروں کو بہت پریشان کیا تھا لیکن اس کے بعد وہ زخمی ہوگئے اور اب تک ٹیم میں شامل نہیں ہوسکے ہیں۔منگل کو کمر میں سوجن کی وجہ سے اسمتھ نے پریکٹس سیشن کو درمیان میں چھوڑ دیا تھا لیکن آسٹریلیائی کپتان ٹم پین نے کہا کہ وہ فٹ ہیں ۔ وارنر کی عدم موجودگی میں اسمتھ کا کردار اہم ہوگا۔ پہلے ٹسٹ میں پرتھوی شا اور مینک اگروال پر ٹیم کے بہتر آغاز کی ذمہ داری ہوگی۔ کپتان ویراٹ کوہلی کی بھی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ٹیم کو مضبوط اسکور تک لے جائیں۔ کوہلی اس میچ کے بعد وطن واپس آئیں گے ۔ کوہلی نے آسٹریلیا میں کھیلے گئے12 ٹسٹ میچوں میں چھ سنچریاں اسکور کیں ہیں۔ ایسی صورتحال میں ٹیم کو بڑی اننگز کی توقع ہوگی۔ چیتشور پجارا ایک مرتبہ پھر ایک بڑی اننگزکھیلنا پسند کریں گے ۔ پجارا نے حال ہی میں آسٹریلیا اے کے خلاف عملی طور پر ملی جلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے پہلے پریکٹس میچ کی پہلی اننگز میں54 رنز بنائے تھے لیکن دوسری اننگز میں کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے ۔ حالانکہ وہ دوسرے پریکٹس میچ میں نہیں کھیلے تھے ۔پجارا نے گذشتہ آسٹریلیائی دورے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے چار میچوں میں521 رنز بنائے تھے جس میں تین سنچریاں شامل تھیں۔ پجارا ایک مرتبہ پھر آسٹریلیائی بولروں کو پریشان کرسکتے ہیں۔ وہ ایک طویل عرصے سے بین الاقوامی کرکٹ سے باہر ہیں اور پہلے ٹسٹ سے زبردست واپسی کرنا چاہیں گے ۔مڈل آرڈر میں ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا رہانے اور ہنوما وہاری کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ٹیم کی اننگز کو آگے بڑھائیں اور بحران کے وقت انہیں ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ رہانے نے پریکٹس میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ رہانے نے پریکٹس میچ میں 117 ، 28 ، 4 اور 38 رنز بنائے جبکہ پریکٹس میچ میں ہنوما نے 15 ، 28 ، 15 اور ناٹ آؤٹ 104 رن بنائے تھے ۔ ٹیم مینجمنٹ ردھیمن ساہا اور رشبھ پنت میں سے کس کھلاڑی کو منتخب کرتاہے یہ فیصلہ اہم ہوگا۔بولنگ میں ایک مرتبہ پھر محمد سمیع اور جسپریت بمراہ پر ذمہ دار ہوگی جب کہ تیسرے بولر کے طور پر امیش یادوموجود ہیں۔